محبوب نگر۔/25ستمبر، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) مقامی ایم ایل اے وی سرینواس گوڑ نے آر اینڈ بی عہدیداروں کے ساتھ شہر محبوب نگر کی اہم شاہراہ کا تفصیلی دورہ کیا۔ یہ شاہراہ تقریباً 8کلو میٹر طویل ہے جو اپنا پلی تا پالمور یونیورسٹی کا حاطہ کرتی ہے۔ ایم ایل اے نے بتایا کہ سڑک کی چوڑائی ناکافی ہونے کے باعث آئے دن حادثات پیش آرہے ہیں۔ سڑک پر موجود کلورٹس پر معمولی بارش سے بھی پانی جمع ہورہا ہے جس کی وجہ سے ٹریفک میںمسلسل خلل واقع ہورہا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ بہت جلد سڑک کے توسیعی کاموں کا آغاز ہورہا ہے اور دو رخی سڑک تعمیر کی جائے گی۔ ساتھ ساتھ اہم چوراہوں کو کشادہ کیا جائے گااور دونوں جانب فٹ پاتھ تعمیر کئے جائیں گے۔ کلورٹوں کو پلوں میں بدل دیا جائے گا۔ انہوں نے مزید بتایا کہ شہر میں بائی پاس سڑک کی تعمیر کا بھی جلد ہی آغاز کیا جائے گا۔ ایم ایل اے کے ہمراہ بلدی عہدیدار بھی موجود تھے۔