محبوب نگر میں سروے آپریٹرس کا دھرنا

چیرمین ضلع پریشد پی بھاسکر کا گھیراؤ ، معاوضہ کا مطالبہ
محبوب نگر /9 ستمبر ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) جامع گھریلو سروے کے ڈاٹا انٹریز کا کام کرنے والے آپریٹرس نے اپنے معاوضہ کی ادائیگی کا مطالبہ کرتے ہوئے ضلع پریشد چیرمین بی بھاسکر کا گھیراؤ کیا ۔ اس سے قبل سروے آپریٹرس نے کلکٹریٹ کے روبرو دھرنا بھی منظم کیا ۔ ضلع پریشد چیرمین نے فوری ضلع کلکٹر اور متعلقہ عہدیداروں سے ربط پیدا کرکے مسئلہ کی عاجلانہ یکسوئی کی خواہش کی۔ ضلع کلکٹر جی ڈی پریہ درشنی نے سروے آپریٹرس کو تیقن دیا کہ 11 ستمبر تک معاوضہ کی ادائیگی کیلئے اقدامات کئے جارہے ہیں اور وہ مزید کسی دشواری کی صورت میں راست مجھ سے ربط پیدا کرسکتے ہیں ۔ آپریٹرس کا کہنا ہے کہ کام کے آغاز کے وقت معاہدہ طئے پایا تھا کہ ایک ایک فرد کی انٹری کیلئے 5 روپئے معاوضہ دیا جائے گا ۔ لیکن تازہ اطلاعات کے مطابق ہر منڈل کیلئے علی الحساب رقم مختص کی گئی ہے جس سے آپریٹرس کو کافی نقصان ہوسکتا ہے ۔