محبوب نگر میں رائے شماری

محبوب نگر /11 مئی (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) آج صبح آٹھ بجے سے مستقر محبوب نگر کے ایم وی ایس ڈگری کالج میں ضلع کی 4 میونسپلٹیز محبوب نگر، گدوال، ونپرتی اور نارائن پیٹ کے علاوہ نگر پنچایتوں میں منعقدہ انتخابات کی رائے شماری کا آغاز ہوگا۔ اس بات کی اطلاع ضلع کلکٹر ایم گریجا شنکر نے دی۔ انھوں نے بتایا کہ پرسکون ماحول میں رائے شماری کے لئے تمام تر انتظامات کرلئے گئے ہیں۔ پولیس کا بھاری بندوبست کیا گیا ہے اور 7 ڈی ایس پیز کے منجملہ دیگر عہدہ داروں کی خدمات حاصل کی گئی ہیں۔ واضح رہے کہ بلدی انتخابات 30 مارچ کو منعقد ہوئے تھے۔ طویل انتظار کے بعد نتائج کے لئے امیدوار اور رائے دہندے بے چین نظر آرہے ہیں۔ ضلع کلکٹر نے مزید بتایا کہ 13 مئی کو ضلع کے 64 زیڈ پی ٹی سیز اور 920 ایم پی ٹی سیز کے لئے ہوئے انتخابات کی رائے شماری کا آغاز صبح آٹھ بجے ہوگا، جس کے لئے بھی تمام تر انتظامات مکمل کرلئے گئے ہیں۔ ضلع میں ووٹوں کی گنتی کے 6 مراکز قائم کئے گئے ہیں۔ محبوب نگر مستقر پر این ٹی آر ڈگری کالج اور گورنمنٹ جونیر کالج، ونپرتی میں گورنمنٹ پالی ٹکنک، کلوا کرتی میں سی بی ایم کالج، ناگر کرنول میں گورنمنٹ جونیر کالج اور نارائن پیٹ میں نو ودیا بی ایڈ کالج مراکز بنائے گئے ہیں۔