محبوب نگر میں دن دھاڑے سرقہ کی واردات

مقفل گھروں کو نشانہ ، پولیس مصروف تحقیقات

محبوب نگر۔/28ستمبر، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) مستقر محبوب نگر پر دن دھاڑے سرقہ کی کئی وارداتیں پیش آئیں۔ پولیس کی اطلاع کے بموجب منگل کے دن دوپہر سے شام کے درمیان  6مکانات سے بھاری مقدار میں سونا، چاندی قیمتی اشیاء اور نقد رقم کا سرقہ کرلیا گیا۔ ینگنڈہ میں مقیم بھیم ریڈی جو میڈیکل اینڈ ہیلت میں اڈمنسٹریٹو آفیسر ہیں ان کے مکان سے شام چار بجے20 تولے سونا، 50ہزار روپئے نقد اور لکشمی نگر کالونی میں شیویا گوڑ کے اپارٹمنٹ سے مکان کا دروازہ توڑتے ہوئے 23تولے سونا اور دیگر قیمتی اشیاء کے علاوہ ایک لاکھ چالیس ہزار روپئے نقد رقم کا سرقہ کرلیا گیا۔ اسی کالونی کے وینوگوپال تاجر کے مکان سے بھی 10تولے سونا50 تولے چاندی اور 10ہزار نقد رقم کا سرقہ کرلیا گیا۔ سرینواس کالونی میں مقیم بھرت کمار ڈپٹی تحصیلدار کے مکان سے 8تولے سونا40 ہزارروپئے نقد اس کے علاوہ تروملیا ایڈوکیٹ کے مکان سے دو تولے سونا 15تولے چاندی ، پانچ ہزار نقد رقم کا سرقہ کرلیا گیا۔ اسی طرح صرف چند گھنٹوں میں وہ بھی دن کے اوقات میں سرقہ کی دلیرانہ وارداتیں پیش آئیں۔ سارق نے مقفل گھروں کو نشانہ بنایا۔ مختصر وقفہ میں مسلسل وارداتوں سے پولیس مستعدی کے ساتھ حرکت میں آگئی۔ پولیس نے ابتدائی تحقیقات کے بعد اندازہ لگایا جبکہ یہ تمام وارداتیں ایک ہی سارق کی ہوسکتی ہیں کیونکہ مکانات کے درمیان مسافت صرف 20منٹ کی ہے۔ پولیس سی سی کیمروں ، کلوز ٹیمس اور ڈاگ اسکواڈ کی مدد سے تحقیقات کا آغاز کردینے کی اطلاع رورل سب انسپکٹر کاشی نے دی ۔