محبوب نگر میں خواتین کا ایک روزہ تربیتی و اصلاحی اجتماع

دارالعلوم عربیہ محبوب نگر للبنات کے ذمہ داران کا پریس کانفرنس سے خطاب
محبوب نگر ۔11؍اپریل (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز )دارالعلوم عربیہ محبوب نگر للبنات ،ملحقہ جامعہ نظامیہ ،شاہ صاحب گٹہ محبوب نگر کے زیر اہتمام 19؍اپریل ،بروز اتوار ،صبح 9؍بجے تا شام 6؍بجے ،بمقام بادام سروجنی آڈیٹوریم ہال ،روبرو فاریسٹ آفس ،محبوب نگرمیںخواتین کا ایک روزہ تربیتی واصلاحی اجتماع بضمن ’’پہلا جلسہء تقسیم اسناد و عطاء خلعت ‘‘زیر صدارت محترمہ ساجدہ بیگم ناظم تعلیمات و زیر نگرانی حافظہ حسنیٰ فاطمہ صدر معلمہ منعقد کیا جارہا ہے ۔اس بات کا انکشاف سرپرست مدرسہ حضرت سید عبد الرزاق شاہ قادری سجادہ نشین بارگاہ حضرت سید مردان علی شاہ قادری ؒ،نائب صدر شاہ محمد رشید احمد قادری جنیدی ،نائب معتمد محمد عبد الرب نقشبندی نے آج بعد نماز ظہر مدرسہ میں منعقدہ پریس کانفرنس کو مخاطب کرتے ہوئے کیا ۔انہوں نے مزید کہا کہ اس اجتماع میںمولانا حافظ سید رؤف علی قادری ملتانی صدر المدرسین دارالعلوم عربیہ کاورم پیٹ ،مولانا محمد حنیف قادری کامل الفقہ جامعہ نظامیہ کے علاوہ مفتیہ عطیہ بیگم لکچرر کلیۃ البنات حیدرآباد ،عالمہ سیدہ میمونہ فاضلہ کلیۃ البنات حیدرآباد ،ڈاکٹر مفتیہ زریشماں بیگم جامعۃ المؤمنات حیدرآباد کے ایمان افروز خطابات ہوں گے ۔ان کے علاوہ مدرسہ کی طالبات تعلیمی مظاہر ہ اور جماعت حبیب الحبشی (خواتین گروپ ) بارگاہ رسالت مآ ب ﷺ میں دف کے ساتھ ہدیہ ء نعت پیش کرنے کی سعادت حاصل کریں گی ۔ضلع کلکٹر ٹی کے سری دیوی مھمان خصوصی کی حیثیت سے شرکت کریں گی ۔مھمانان خصوصی کے ہاتھوں 7؍عالمات اور 2؍حافظات کو دستار و خلعت پیش کی جائیگی ۔ذمہ داران مدرسہ نے مزید کہاکہ خواتین و طالبات کے لئے پردے کے علاوہ طعام ،آمد و رفت ودیگر سہولیات کا معقول انتظام کیا گیا ہے ۔ناظم مدرسہ حافظ خواجہ فیض الدین نقشبندی نے خواتین و طالبات سے بہ پابندیء وقت شرکت و استفادہ کی خواہش کی ہے ۔اس موقع پرحضرت سید شاہ قاضی غوث محی الدین قادری صدر قاضی محبوب نگر ، مولانا محمد عبد الرزاق کامل الحدیث جامعہ نظامیہ ،مولانا محمد محسن پاشاہ قادری معتمد عمومی سنی علماء مشائخ بورڈ ،قاضی سید مجیب الدین قادری ،ڈاکٹر محمد رشید رہبر ،ڈاکٹر محمد عبد الرشید خان ،مولوی محمد مکین انصاری وغیرہ موجود تھے ۔