محبوب نگر /8 ستمبر ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) حج بڑی عظیم نعمت ہے اور اس سفر کیلئے اللہ تعالی نے جن کو منتخب کیا ہے وہ بڑے خوش نصیب ہیں ۔ لہذا تمام عازمین کو اللہ تعالی کا شکر گذار ہونا چاہئے ۔ ان خیالات کا ا ظہار مولانا مفتی صادق محی الدین فہیم صاحب نے محوب نگر کے الماس فنکشن ہال میں حج سوسائٹی کے زیر اہتمام منعقدہ عازمین حج کے تربیتی کیمپ سے مخاطب کرتے ہوئے کیا۔ مولانا نے عمرہ اور حج بیت اللہ کے فرائض و واجبات پر روشنی ڈالی اور مقامات مقدمہ کی تاریخ اور اہمیت سے واقف کروایا ۔ مولانا نے سلسلہ تقریر جاری رکھتے ہوئے کہا کہ حجاج کرام مسجد نبوی ﷺ میں 40 نمازیں ادا کریں ۔ مولانا نے اپنے مخصوص لحن میں نعتیہ کلام بھی پیش کیا ۔ کیمپ کی صدارت محمد اکبر الماس صدر سوسئاٹی نے کی ۔ جبکہ نائب صدر سوسائٹی محمد بشیرالدین کی قرات کلام پاک سے کارروائی کا آغاز ہوا ۔ وقف بورڈ کے چیف ایکزیکیٹیو آفیسر جناب ایم اے حمید نے مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ امسال حج کمیٹی کے ذریعہ محبوب نگر کے 270 عازمین حج کیلئے روانہ ہو رہے ہیں ۔ عازمین اپنے ساتھ 22، 22 کیلو کے دو بیاگس کے علاوہ 8 تا 10 کیلو وزنی بیاگ رکھ سکتے ہیں ۔ اگر کوئی وہیل چیر لے جارہے ہوں تو اس کا وزن شمار نہیں کیا جائے گا ۔ بہتر یہی ہے کہ وہیل چیر یہیں سے لے جائیں ۔ جناب رحمن صوفی نے بھی مخاطب کیا ۔ اس موقع پر تمام عازمین کو ٹیکہ دیا گیا ۔ ڈاکٹر محمد سراج الدین میڈیکل آفیسر پالم ، ڈاکٹر محمد ارشد اللہ میڈیکل آفیسر کو تلاباد اور ان کے معاونین نے ٹیکہ اندازی میں حصہ لیا ۔ محبوب نگر کے ایم پی اے پی جتیندر ریڈی نے کیمپ میں شرکت کی اور کہاکہ محبوب نگر میں مِنی حج ہاوز اور پاسپورٹ سنٹر کا قیام عمل میں لایا جائے گا ۔ انہوں نے عازمین کو ڈراپس پلاکس سرٹیفکیٹس تقسیم کئے ۔ اس موقع پر سوسائٹی کے عہدیداران محمد جعفر شریف ، محمد عبدالرحمن لکچرر ، محمد عبدالرزاق ، محمد عبدالعلیم صادق اللہ ، ریاض افسر کے علاوہ ظفر اللہ صدیقی و دیگر موجود تھے ۔