محبوب نگر میں جلسہ استقبال رمضان کا انعقاد

محبوب نگر۔/28جون، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) آج کے دور میں قرآن فہمی ضروری ہے۔ عربی سیکھیں اور راست طور پر قرآن سمجھنے کی کوشش کرتے رہیں۔ ان خیالات کا اظہار جناب ظہیر الدین ایم اے عربی نے مسجد منیر محبوب نگر میں کل شب جلسہ استقبال رمضان کو مخاطب کرتے ہوئے کیا۔ جس کا اہتمام جماعت اسلامی محبوب نگر کیا تھا۔ مرزا فہیم اللہ بیگ سابق ناظم اسلامک سنٹر ابو ظہبی نے کہا کہ رمضان کا استقبال تو اللہ رب العزت بھی کرتے ہیں۔ اس ماہ کیلئے 11مہینے جنت سجائی جاتی ہے اور اس کے دورازے کھول دیئے جاتے ہیں۔ انہوں نے امت مسلمہ کو رمضان کے فیوض و برکات سے استفادہ کا مشورہ دیا۔ قرآن کی تلاوت ، تراویح، دعائیں، صدقات خیرات کی جائے اور شب قدر تلاش کی جائے۔ جلسہ کا آغاز حافظ منظور حسین کی قرأت کلام پاک سے ہوا۔ عبدالحق عارف نے افتتاحی کلمات پیش کئے۔ شیخ شجاعت علی نے نظامت کے فرائض انجام دیئے۔ جلسہ میں مسجد کے بزرگ مصلیان اور عوام کی بڑی تعداد شریک تھی۔