محبوب نگر میں ’’ جشن وقار ‘‘ کے انعقاد کا اعلان

اردو ڈیولپمنٹ کمیٹی کا اجلاس، جناب حلیم بابر اور دیگر کا خطاب
محبوب نگر۔/26 اپریل( ذریعہ میل)اردو ڈیولپمنٹ کمیٹی کا پانچواں ماہانہ اجلاس دفتر کمیٹی واقع نیو ٹائون میں انعقاد عمل میں لایا گیا۔ اجلا س کی صدارت بانی کمیٹی جناب حلیم بابر نے کی جبکہ اجلاس میں سرپرست کمیٹی صادق اللہ انجینئر ،رفیق احمد قادری سیکریٹری TUWJU،محمد تقی حسین تقی صدر ، نائب صدور سید نورالحسین، یوسف بن ناصر،معتمد عمومی مرزا قدوس بیگ ، شریک معتمد حافظ ادریس سراجی رکن عاملہ مکرم علی متین وغیرہ نے شرکت کی۔ اجلاس میں جناب رفیق احمد قادری کو بحیثیت سرپرست کمیٹی منتخب کیا گیا ۔ اور کمیٹی کی جانب سے فروغ اردو کے لئے آئندہ لائحہ عمل کے متعلق غور و خوص کیا گیا اور یہ طئے کیا گیا کہ ادارہ سیاست کے اشتراک سے شہر میں اردو دانی کی کلاسس کا آغاز کیا جائے ۔اس اجلاس میں بانی کمیٹی حلیم بابر کی جانب سے ایڈیٹرروزنامہ رہنمائے دکن جناب سید وقار الدین کو تہنیت کی تجویز پیش کی گئی ۔ اجلاس میں موجود دیگر عہدیداروں نے جناب سید وقار الدین کی خدمات پر روشنی ڈالتے ہوئے کہاکہ جناب سید وقارالدین نے ایک طویل عرصہ سے نہ صرف مسلمانان حیدرا ٓباد بلکہ عرب ممالک بالخصوص عراق،فلسطین وغیرہ میں مصیبت زدہ مسلمانوں کی طویل خدمات انجام دی ہیں اور کئی مشکل مراحل میں ملک میں مسلمانوں کی رہبری کی ہے اور اپنے اخبار روزنامہ ’’رہنمائے دکن‘‘ کے ذریعہ بے باک صحافت کا مظاہرہ کرتے ہوئے کئی ایک ملی مسائل کو اجاگر کیا اور حکومتوں سے ان مسائل کے حل کی کامیاب نمائندگی کی ۔ اس کے علاوہ انہوں نے فروغ اردو و، تہذیب و ثقافت کے میدان میں بھی دیرینہ خدمات کا ریکارڈ رکھتے ہیں ۔ جناب وقار الدین کو ان کی خدمات کیلئے کئی ایک قومی و بین الاقوامی اعزازات سے نوازا جا چکا ہے بانی کمیٹی کی اس تجویز پر کمیٹی کو قبول کرتے ہوئے یہ طئے کیا گیا کہ اس خصوص میں محبوب نگرمیں ’’جشن وقار‘‘ کا عظیم الشان پیمانے پر انعقاد عمل میں لایا جائے اور اس پروگرام میںعرب ممالک کے سفراکے علاوہ ریاستی حکومت کے وزراء اور ریاست کی معروف علمی اور ادبی شخصیات کو بحیثیت مہمان خصوصی مدعو کیا جائے ۔ اس خصوص میںمزید مشاورت کے لئے 28اپریل بروز اتوار مزید ایک اجلاس کے انعقاد کو وقطعیت دی گئی۔