محبوب نگر میں بنکرس اڈوائزری کمیٹی کا اجلاس

محبوب نگر ۔ 12ستمبر (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) ضلع کی ترقی کیلئے بنکرس کا تعاون نہایت ضروری ہے ۔ ضلع کے تمام شعبوں میں ترقی کیلئے بھی بنکرس کا تعاون اہمیت کا حامل ہوتا ہے ۔ ضلع کلکٹر جی ڈی پریا درشنی نے ریونیو میٹنگ ہال میں منعقدہ ’’ بنکرس اڈوائزری کمیٹی ‘‘ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ۔انہوں نے 2014-15ء میں بنکرس کے تعاون سے عمل آوری ہونے والی اسکیمات کا جائزہ لیا ۔ مزید کہا کہ جون کے ختم تک خریف کیلئے زرعی قرضہ 1542 کروڑ منظور ہونا چاہیئے تھا تاہم صرف 322 کروڑ ہی منظور کئے گئے ہیں ۔ انہوں نے بنکرس کو ہدایت دی کہ وہ اندرون 20یوم کسانوںکو قرضہ جات منظور کریں اور اس تعلق سے کسانوں میں تشہیر بھی کی جائے ۔ اس موقع پر پرائم منسٹر جن دھن یوجنا اسکیم کے تحت تمام خاندانوں کو بینک کھاتوں کو سہولت فراہم کرنے کی انہوں نے ہدایت دی ۔ اس موقع پر نبارڈ کے اے جی ایم سریناتھ نے نبارڈ کے تحت دیئے جانے والے قرضہ جات پر روشنی ڈالی ۔ اجلاس میں پی ڈی ‘ ڈی آر ڈی اے چندر شیکھر ریڈی ‘ اے جی سی راجا رام ‘ آندھرا بینک ای جی ایم نارائن ریڈی کے علاوہ بینک منیجرس و ریونیو عہدیدار موجود تھے ۔