محبوب نگر میں بائی پاس روڈ کا عنقریب سنگ بنیاد

تعمیری کاموں کیلئے 96کروڑ روپئے کی منظوری، ایم پی جتیند ر ریڈی کا بیان
محبوب نگر۔/11ستمبر، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) محبوب نگر کے عوام کے بائی پاس سڑک کی تعمیر کے دیرینہ مطالبہ کو قبول کرتے ہوئے چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے بائی پاس روڈ کی تعمیر کیلئے 96 کروڑ روپئے منظور کئے۔ اس بات کا انکشاف آر اینڈ بی گیسٹ ہاوز میں منعقدہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے اے پی جتیندر ریڈی ایم پی اور مقامی ایم ایل اے وی سرینواس گوڑ نے کیا۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ بائی پاس روڈ محبوب نگر کی ترقی میں معاون ہوگی۔ ایک سال کے اندر سڑک کی تعمیر مکمل کرلی جائے گی۔انہوں نے الزام لگایا کہ سابق حکومتوں نے محبوب نگر کو ترقی سے دور رکھا۔ ینگنڈہ تا ڈیوٹی پلی ڈبل روڈ اور اپنا پلی تا ڈیوٹی پلی 10کروڑ کے صرفہ سے نئی روڈ تعمیر کی جائے گی۔ انہوں نے اپوزیشن کے شور شرابہ کو مسترد کردیا کہ ضلع تقسیم کے بعد پسماندہ ہوجائے گا۔ انہوں نے بتایا کہ ناگی ریڈی پلی لفٹ اریگیشن ضلع میں ہی شامل ہے جس سے جورالا کا لفٹ بیاک واٹر ضلع کے استعمال میں آئے گا۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے بتایا کہ آتما کور، امرجنتہ اور سی سی کنٹہ منڈلس ضلع میں ہی شامل رکھیں گے۔ نچلی سطح تک ترقیاتی فوائدپہنچانے کیلئے نئے اضلاع کی تشکیل کی جارہی ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ میڈیکل کالج کا افتتاح اور بائی پاس روڈ کا سنگ بنیاد عنقریب چیف منسٹر کے ہاتھوں رکھا جائے گا۔ پریس کانفرنس میں صدر ضلع ٹی آر ایس شیوا کمار، بیکم جناردھن، راجیشور گوڑ، امتیاز اسحق، سید تقی الدین، محمد احمد الدین، حافظ ادریس کے علاوہ دیگر ٹی آر ایس قائدین موجود تھے۔