محبوب نگر۔ یکم نومبر، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) مستقر محبوب نگر پر اے ٹی ایم سنٹر میں سرقہ کے واقعہ سے عوام میں تشویش کی لہر دوڑ گئی۔ ون ٹاؤن سرکل انسپکٹر راما کرشنا کے بموجب ہنومان پورہ ، رائچور روڈ پر ایس بی آئی اے ٹی ایم میں نامعلوم سارقین نے گیاس کٹر استعمال کرتے ہوئے اے ٹی ایم مشین سے 6,55,100 روپئے رقم کا سرقہ کرلیا۔ صبح بینک منیجر نے اے ٹی ایم میں رقم جمع کرنے پہنچے تو انہیں سرقہ کا علم ہوا۔ بینک منیجر مہیش چکرورتی کی شکایت پر پولیس نے مقدمہ درج کرلیا ہے۔ پولیس نے بین ریاستی سارقین کی ٹولی پر شبہ ظاہر کیا ہے۔ سارقین نے اے ٹی ایم سنٹر کے کیمروں کو بھی نقصان پہنچایا۔ پولیس واقعہ کی تحقیقات میں مصروف ہے۔ واضح رہے کہ گذشتہ ماہ دسہرہ تہوار کے موقع پر مقفل مکانات میں کئی ایک سرقہ کی وارداتیں ہوئی تھیں اور اب لب سڑک اے ٹی ایم میں سرقہ سے عوام تشویش کا شکار ہیں۔
ضلع محبوب نگر میں 25 نومبر تک
جلسے ،جلوس پر امتناع
محبوب نگر۔یکم نومبر، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) ڈاکٹر بی انورادھا ضلع ایس پی محبوب نگر نے بتایا کہ ضلع میں پولیس ایکٹ 30 نافذ کیا گیا ہے جو 25نومبر تک نافذ رہے گا۔ انہوں نے بتایا کہ ریالیوں، جلسوں اور جلوس پر پولیس سے اجازت حاصل کرنا ہوگا۔ ڈی جے کے استعمال پر بھی امتناع عائد رہے گا۔ خلاف ورزی پر سخت کارروائی کی جائے گی۔