محبوب نگر ۔ 18 ۔ ڈسمبر ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) خدمت خلق بڑا عظیم کام ہے ۔ اخلاص اور نیک نیتی کے ساتھ خدمت خلق کا جذبہ رکھنے والوں کے کام میں اللہ تعالٰی آسانیاں پیدا کرتا ہے اور اس کا اجر بھی بڑا عظیم ہوتا ہے ۔ ان خیالات کا اظہار مولانا محمد مطیع الرحمن خطیب مسجد کوثر نے نیوٹاون محبوب نگر میں الحافظ ایجوکیشنل اینڈ ویلفیر سوسائٹی کے دفتر کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ مولانا نے ذمہ داران سوسائٹی کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ وہ استقلال کے ساتھ اس کام سے لگے رہیں ۔ سوسائٹی کے صدر حافظ محمد معاذ انور نے سوسائٹی کے قیام کے اغراض و مقاصد پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ سوسائٹی کے قیام کا سب سے اہم مقصد خدمت خلق ہے ۔ ذمہ داران سوسائٹی شب و روز خدمت کے جذبہ کے ساتھ اس کام میں جٹ جائیں گے ۔ اس موقع پر جناب عبدالمجید معتمد ، جناب نذر محی الدین قیصر نائب صدر ، محمد عبدالعلیم صدیقی شریک معتمد سید جمیل احمد خازن ، سید طیب ، سید تبریز ، شاکر علی انصاری ، محمد معراج اراکین سوسائٹی کے علاوہ مکرم علی حسین و دیگر موجود تھے ۔