محبوب نگر میں اسرائیل کی جارحیت کے خلاف آج احتجاجی جلسہ عام

محبوب نگر ۔ یکم اگست ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) فلسطینیوں پر انسانیت سوز مظالم اورجارحیت کے خلاف ایک کُل جماعتی احتجاجی جلسہ عام بتاریخ 2اگست بروز ہفتہ 8بجے شب بمقام ٹاؤن ہال گراؤنڈ محبوب نگر منعقد کیا جارہا ہے ۔ آج دوپہر مستقر محبوب نگر کے آر اینڈ بی گیسٹ ہاؤز میں کُل جماعتی قائدین نے مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے یہ بات بتائی ۔ جلسہ کے کنوینر رفیق احمد قادری نے بتایا کہ انڈو عرب لیگ کے چیرمین جناب سید وقار الدین قادری ایڈیٹر روزنامہ ’’ رہنمائے دکن ‘‘ حیدرآباد جلسہ کی صدارت کریں گے جبکہ فلسطین ‘ عراق اور دیگر عرب ممالک کے نمائندے بھی اسرائیلی بربریت اور جارحیت پر اپنے خیالات کا اظہار کریں گے ۔ ان کے علاوہ اے پی جیتندر ریڈی ایم پی اور مقامی ایم ایل اے سرینواس گوڑ اور حیدرآباد کے ممتاز دانشوران کے علاوہ مقامی کُل جماعتی قائدین بھی مخاطب کریں گے ۔ پریس کانفرنس میں خواجہ فیاض الدین ( انور پاشاہ ) ‘ خالد زبیدی خطاب کرتے ہوئے جلسہ کو کامیاب بنانے کی اپیل کی ۔ اس موقع پر محمد امین الدین قادری ‘ محمد عبدالہادی ایڈوکیٹ ‘ گوپال یادو ‘ ایم اے ذکی ‘ محسن خان ‘ تقی حسین تقی ‘ مرزا قدوس بیگ ‘ حافظ خواجہ فیض الدین نقشبندی اور دیگر قائدین شریک تھے ۔