رکن پارلیمنٹ جتیندر ریڈی کی پریس کانفرنس
محبوب نگر /8 مارچ (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز)محبوب نگر حلقہ گریجویٹ سے ایم ایل سی کے قابل اور کار کرد امیدوار دیوی پرساد کے حق میں اپنا ووٹ استعمال کریں اور انھیں کامیابی سے ہمکنار کریں۔ دیوی پرساد نے علحدہ تلنگانہ تحریک میں غیر معمولی حصہ لیا۔ ان کی خدمات اور لیاقت کے پیش نظر کے سی آر نے انھیں امیدوار بنایا ہے۔ ان خیالات کا اظہار اے پی جتیندر ریڈی ایم پی و ٹی آر ایس پارلیمانی پارٹی قائد نے اپنی قیامگاہ پر پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انھوں نے محبوب نگر پارلیمانی حلقہ کی ترقی کے لئے کئے گئے اقدامات کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ ضلع میں قائم ہونے والی صنعتوں میں 80 فیصد مقامی افراد کو روزگار فراہم کرنے کے لئے چیف منسٹر سے نمائندگی کی گئی ہے۔ علاوہ ازیں کتور میں ٹریننگ سنٹر قائم کرتے ہوئے کمپنیوں میں روزگار سے جوڑنے کے لئے تربیت فراہم کرنے کا مطالبہ بھی کیا گیا ہے۔ محبوب نگر تا سکندرآباد ڈبل ریلوے لائن کی منظوری کے لئے کامیاب جدوجہد پر ٹی آر ایس فاؤنڈرس فورم کے قائدین نے انھیں تہنیت پیش کی۔ جتیندر ریڈی نے کہا کہ ضلع کے مختلف محکمہ جات میں مخلوعہ جائدادوں پر تقررات کے لئے بھی نمائندگی کی جا رہی ہے۔ اس موقع پر ٹی آر ایس قائدین محمد احمد الدین، وٹھل راؤ آریہ، محمد محمود، محسن خان، سریندر ریڈی اور دیگر بھی موجود تھے۔