محبوب نگر۔/12اپریل،(سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) عام انتخابات کیلئے پرچہ نامزدگیوں کے ادخال کے آخری دن تقریباً اہم سیاسی جماعتوں کے امیدواروں نے اپنے پرچہ جات نامزدگی داخل کئے۔ حلقہ پارلیمان محبوب نگر سے کانگریس امیدوار و مرکزی وزیر ایس جئے پال ریڈی نے ریٹرننگ آفیسر و ضلع کلکٹر ایم گریجا شنکر کو اپنے پرچہ نامزدگی حوالے کئے۔جئے پال ریڈی کو ایک زبردست جلوس کی شکل میں کلکٹریٹ لیجایا گیا۔ حلقہ پارلیمان محبوب نگر سے ٹی آر ایس امیدوار اے پی جتیندرریڈی، بی جے پی کے امیدوار ناگم جناردھن ریڈی نے بھی اپنے اپنے پرچہ جات ریٹرننگ آفیسر کے حوالے کئے۔ جبکہ سید ابراہیم نے بھی آزاد امیدوار کی حیثیت سے اپنا پرچہ داخل کیا۔ جبکہ حلقہ اسمبلی محبوب نگر سے کانگریس امیدوار عبید اللہ کوتوال ( صدر ضلع کانگریس ) نے اور ٹی آر ایس امیدوار کی حیثیت سے سرینواس گوڑ نے بھی اپنے پرچے داخل کئے جبکہ بی جے پی امیدوار کی حیثیت سے ینم سرینواس ریڈی اور وائی ایس آر کانگریس امیدوار کی حیثیت سے بیکری سرینواس ریڈی نے اپنے پرچہ جات ریٹرننگ آفیسر و آرڈی او ہنمنت راؤ کے حوالے کئے۔ سید ابراہیم نے آزاد امیدوار کی حیثیت سے حلقہ پارلیمان محبوب نگر و حلقہ اسمبلی محبوب نگر کے لئے اپنے پرچہ جات داخل کئے۔ جبکہ ایم اے عزیز خان ایڈوکیٹ نے حلقہ لوک سبھا محبوب نگر سے آزاد امیدوار کی حیثیت سے اور انور النساء بیگم نے بھی حلقہ اسمبلی محبوب نگر کے آزاد امیدوار کی حیثیت سے پرچے داخ کئے۔ حلقہ اسمبلی ناگرکرنول ( محفوظ ) سے کانگریسی امیدوار کی حیثیت سے نندی یلیا نے اور ٹی آر ایس امیدوار کی حیثیت سے ڈاکٹر مندا جگنادھم نے اپنے اپنے پرچہ جات ریٹرننگ آفیسر و جوائنٹ کلکٹر ایل شرمن کے حوالے کئے۔ جبکہ تلگودیشم امیدوار کی حیثیت سے بیکنی نرسمہلو اور وائی ایس آر کانگریس کے ایم گوپال نے بھی اپنے اپنے پرچہ جات داخل کئے۔