محبوب نگر۔ 7 اپریل (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) محبوب نگر بلدیہ کا اجلاس چیرپرسن بلدیہ رادھا امر کی زیرصدارت منعقد ہوا جس میں مختلف درپیش مسائل پر مباحث ہوئے۔ اجلاس میں موجود ارکان بلدیہ نے اپنے اپنے متعلقہ وارڈز کے مسائل جیسے خنزیروں اور کتوں کی کثرت سے پیدا ہونے والے مسائل پر احتجاج کیا اور موسم گرما کے پیش نظر پانی کی قلت کے مسئلہ کو اٹھاتے ہوئے کہا کہ اس تعلق سے کئی ایک تیقنات دیئے گئے لیکن عملی طور پر کوئی کام نہیں ہوا فوری اس مسئلہ کا مستقل حل نکالا جائے۔ شہر کی معروف ترین سڑکوں پر جگہ جگہ گڑھے پڑگئے ہیں۔ اسٹریٹ لائیٹس کام نہیں کررہے ہیں، حادثات کے خطرات میں اضافہ ہوگیا ہے۔ جابجا کچرا جمع ہونے سے بدبو اور تعفن پھیل رہا ہے اور بیماریوں کے پھیلنے کے شدید خدشات ہیں۔ ارکان نے کہا کہ تجارتی اور رہائشی تعمیر کیلئے اجازت کے لزوم کو سختی سے نافذ کیا جائے۔ چیرپرسن نے ارکان کی شکایات سننے کے بعد کہا کہ پیش کردہ تمام مسائل کی بہت جلد یکسوئی کیلئے اقدامات کئے جائیں گے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ بلدیہ کے اطراف کے مواضعات کو بلدیہ میں ضم کرنے کے بعد ضروری کاموں کیلئے 10 کروڑ روپئے کا تخمینہ تیار کرکے حکومت کو روانہ کیا گیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ 20 اپریل کو بلدیہ کے کوآپشن ممبرس کا انتخاب ہوگا اور بلدیہ کے تحت ملگیات کا 8 اپریل کو ٹنڈر مقرر کیا گیا ہے۔ اجلاس کے دوران بار بار برقی منقطع ہوتی رہی۔ اجلاس میں کمشنر بلدیہ سرینواس، نائب صدرنشین بلدیہ راملو، اراکین بلدیہ محمد عبدالہادی، محمد محمود علی، محمد عبدالرشید مشتاق ، محمد مزمل محی الدین، محمد پاشاہ، شوکت علی، فریدہ ندیم، راشد خاں اور دیگر اراکین موجود تھے۔