محبوب نگرمیں دو بسوں میںتصادم ، 4 ہلاک

حیدرآباد ۔ 19۔ مئی (پی ٹی آئی) تلنگانہ کے ضلع محبوب نگر میں کرناٹک اسٹیٹ روڈ ٹرانسپورٹ کارپوریشن کی حیدرآباد سے رائچور روانہ ہونے والی بس کی ٹکر کے سبب رائچور سے حیدرآباد آنے والی تلنگانہ اسٹیٹ روڈ ٹرانسپورٹ کارپوریشن کی بس میں سوار چار مسافرین ہلاک اور دیگر 17 زخمی ہوگئے۔ مہلوکین میں دو خواتین اور ایک شیرخوار بچہ بھی شامل ہے۔ پولیس نے کہا کہ یہ المناک حادثہ آج 11 بجے دن ضلع محبوب نگر کے چودر پلی حلقہ میں پیش آیا جب کرناٹک کی بس کی ٹکر سے تلنگانہ بس کا ایک حصہ بری طرح متاثر ہوا۔ 15 زخمیوں میں دونوں بسوں کے مسافر شامل ہیں جن کے منجملہ چار کی حالت تشویشناک ہے، جنہیں بغرض علاج حیدرآباد کے عثمانیہ ہاسپٹل منتقل کردیا گیا ہے۔ ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ پولیس کرشنا مورتی نے کہاکہ ایس آر ٹی سی کا بس ڈرائیور پان مسالہ کھا رہا تھا اور کھڑکی سے تھوک رہا تھا ۔ مسافر کے اعتراض کے باوجود اس نے یہ سلسلہ جاری رکھا تھا۔ کرشنا مورتی نے مزید کہا کہ ’’کے ایس آر ٹی سی بس تیز رفتاری کے ساتھ چلائی جارہیتھی اور مخالف سمت سے آنے والے ٹی ایس آر ٹی سی بس کو اچانک ٹکر دیدی۔ ڈی ایس پی نے مزیدکہا کہ کرناٹک آر ٹی سی کے بس ڈرائیور کو تحویل میں لے لیا گیا ہے اور پوچھ گچھ جاری ہے۔