محبوبہ مفتی کی گورنر سے ملاقات

سرینگر ۔ 22 جون (سیاست ڈاٹ کام) جموں و کشمیر کی سابق چیف منسٹر محبوبہ مفتی نے آج گورنر این این ووہرہ سے ملاقات کرکے ریاست کی ترقی اور تبدیلیوں کے بارے میں اہم مسائل پر تبادلہ خیال کیا۔ دریں اثناء گورنر نے آج مبینہ طور پر ریاست کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیلئے ایک کل جماعتی اجلاس طلب کیا کیونکہ ریاست میں گورنر راج نافذ کردیا گیا ہے جس کا آج سے آغاز ہوا۔ ریٹائرڈ آئی پی ایس عہدیدار کے وجئے کمار جنہوں نے مشیر برائے گورنر جموں و کشمیر کا عہدہ سنبھال لیا ہے، آج وادی کی صیانتی صورتحال کا جائزہ لیا۔ مشیر کا عہدہ سنبھالنے کے فوری بعد وجئے کمار نے اعلیٰ سطحی پولیس عہدیداروں کے ساتھ ایک اجلاس منعقد کیا جس میں موجودہ صیانتی صورتحال کے بارے میں تفصیلی تبادلہ خیال کیا تھا۔ انہوں نے صیانتی اداروں کے درمیان گہری ہم آہنگی پر زور دیا۔

یشونت ۔ عمر ملاقات، جموں و کشمیر کی موجودہ صورتحال پر تبادلہ خیال
سرینگر ۔ 22 جون (سیاست ڈاٹ کام) سابق مرکزی وزیر یشونت سنہا نے آج نیشنل کانفرنس کے نائب صدر عمر عبداللہ سے ملاقات کرکے جموں و کشمیر کی موجودہ صورتحال پر تفصیل سے تبادلہ خیال کیا۔ چہارشنبہ کے دن سے ریاست کو گورنر راج کے تحت رکھ دیا گیا ہے جبکہ بی جے پی نے اپنی حلیف پی ڈی پی کی تائید واپس لے لی جس کی وجہ سے محبوبہ مفتی چیف منسٹر کے عہدہ سے مستعفی ہوگئیں۔ یشونت سنہا نے عمر عبداللہ کی قیامگاہ پر ان سے ملاقات کی اور وادی کی موجودہ صورتحال پر تفصیل سے تبادلہ خیال کیا۔ ترجمان کے بموجب یشونت سنہا نے امن، جمہوریت کی بحالی اور نمائندوں کے نظام برائے حکمرانی کے احیاء کی ضرورت پر زور دیا۔