محبوبہ مفتی کو چیف منسٹر بنانے کی کوششوں سے لاعلمی کا اظہار

پی ڈی پی ۔ بی جے پی اتحاد میں اختلافات کی تردید ۔ بی جے پی لیڈر رام مادھو کا بیان
نئی دہلی ۔ یکم ڈسمبر۔(سیاست ڈاٹ کام) جموں و کشمیر میں حکمراں پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی اور بی جے پی کے درمیان میں کوئی اختلاف ہے اور نہ ہی انتشار اور چیف منسٹر کی حیثیت سے مفتی محمد سعید اپنی 5 سالہ میعاد مکمل کرلیں گے۔ بی جے پی کے جنرل سکریٹری رام مادھو نے آج یہ دعویٰ کیا ہے جنھوں نے بی جے پی ۔ پی ڈی پی میں اتحاد کیلئے کلیدی رول ادا کیا تھا ۔ سیاسی حلقوں میں یہ قیاس آرئی جارہی ہے کہ چیف منسٹر مفتی سعید اپنی دختر محبوبہ مفتی کو جانشین بنانے کی تیاری میں ہے

جس پر بی جے پی لیڈر نے یہ واضح کیا اور بتایا کہ حلیف جماعتوں میں کوئی فاصلہ یا دراڑ نہیں ہے اور مخلوط حکومت بہتر طریقہ پر کام کررہی ہے اور کوئی مسئلہ درپیش ہونے پر دونوں جماعتیں اتفاق رائے سے حل کرنے کی کوشش کررہی ہیں ۔ مسٹر رام مادھو جوکہ آر ایس ایس کے سابق ترجمان ہیں بتایا کہ کوئی بھی دہلی میں بیٹھ کر ریاست کے حالات پر تبصرہ کرسکتا ہے لیکن حکومت فعال اور مستعد ہے ۔ مشترکہ اقل ترین پروگرام کے مطابق عوام سے کئے گئے وعدوں کی تکمیل کی جارہی ہے ۔

واضح رہے کہ مفتی سعید اکثر و بیشتر یہ اشارہ دیتے ہیں کہ ان کی دختر محبوب سعید کو بہت جلد جانشین ( چیف منسٹر ) بنایا جائیگا ۔ اگرچیکہ یہ جمہوریت میں کوئی نئی بات نہیں ہے لیکن رام مادھو نے اس طرح کی اطلاعات اور کوششوں پر لاعلمی کا اظہار کیا۔ یہ دریافت کئے جانے پر مفتی سعید 5 سالہ میعاد کیلئے حکومت کی قیادت کریں گے بی جے پی لیڈر نے اُلٹا سوال کیا کہ یہ پوچھنا ایسا ہی ہے کہ آیا وزیراعظم نریندر مودی   5 سال تک برقرار رہیں گے ؟ کیا ایک منتخبہ وزیراعظم سے اس طرح کا سوال کیا جاسکتا ہے اسی طرح مفتی سعید بھی ایک منتخبہ چیف منسٹر ہیں اور یقینا اپنی 5 سالہ میعاد مکمل کریں گے۔ جموں و کشمیر میں عسکریت پسندی کے احیاء پر انھوں نے کہاکہ سرکاری حلقوں بشمول فوجی کمانڈروں نے تشویش کا اظہار کیا لیکن اس طرح کے حالات صرف جموں و کشمیر تک محدود نہیں ہے بلکہ ملک کے دیگر مقامات پر بھی انتہاپسندی اور باغیانہ سرگرمیاں پائی جاتی ہیں۔