جموں، 28 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) جموں وکشمیر کی وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی نے انگریزی اور اردو کے بعد اب ہندی زبان میں بھی ٹوئیٹ کرنا شروع کردیا ہے ۔ جاریہ برس کے 25 ستمبر کو ٹویٹنگ کا آغاز کرنے والی محبوبہ مفتی نے 3 دسمبر کو ریاست کی سرکاری زبان اردو میں بھی ٹویٹ کرنا شروع کردیا تھا۔تاہم بعض ٹویٹر صارفین جن میں زیادہ تعداداہلیان جموں کی تھی، نے محترمہ مفتی سے ہندی میں بھی ٹویٹ کرنے کا مطالبہ کیا تھا۔محترمہ مفتی نے جب جمعرات کی صبح ہندی زبان میں اپنا پہلا ٹویٹ کیا تو محض چند گھنٹوں کے اندر اسے سینکڑوں بار ری ٹویٹ اور شیئر کیا گیا ۔تاہم بیشتر صارفین ہندی زبان میں ٹویٹنگ کے بجائے ٹویٹ کے متن پر اپنا ردعمل ظاہرکررہے تھے ۔محترمہ مفتی نے ہندی میں اپنا پہلا ٹویٹ پاکستان میں سزائے موت پانے والے سابق بھارتی فوجی افسر کلبھوشن جاددھو کے بارے میں کیا۔انہوں نے لکھا ‘پاکستان کلبھوشن جادھو کے ساتھ انسانی رویہ اختیار کرے اور ان کے کیس کی منصفانہ سماعت ہو۔ پاکستان میں جادھوکی ماں اور اہلیہ کے ساتھ ہوئے سلوک سے بہت دکھ ہوا۔ انسانیت کو سیاست پر فوقیت ہونی چاہیے ‘۔