محبوبہ مفتی کابینہ میں آج رد و بدل ‘ نئے وزرا کی حلف برداری

ڈپٹی چیف منسٹر نرمل سنگھ مستعفی۔ کویندر گپتا نئے ڈپٹی چیف منسٹر ہونگے ۔ کنونشن سنٹر میں تقریب
جموں 29 اپریل ( سیاست ڈاٹ کام ) جموں و کشمیر کی محبوبہ مفتی کابینہ میں طویل انتظار کے بعد کابینی رد و بدل کل ہونے جا رہا ہے اور امکان ہے کہ اس رد و بدل میں بی جے پی کچھ نئے چہروں کو متعارف کروائیگی ۔ کابینی رد و بدل کیلئے تمام تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں۔ ریاستی گورنر مسٹر این این ووہرہ کابینہ میں شامل کئے جانے والے ارکان کو عہدہ اور راز داری کا حلف دلائیں گے ۔ یہ تقریب کنونشن سنٹر میں کل دوپہر 12 بجے منعقد ہوگی ۔ عہدیہداروں کا کہنا ہے کہ یہ تقریب راج بھون کی بجائے کنونشن سنٹر میں منعقد ہوگی کیونکہ ریاستی حکومت اپنے کام کاج کو گرمائی دارالحکومت سرینگر منتقل کرچکی ہے ۔ جموں و کشمیر کی حکومت سال میں چھ چھ مہینے دونوں دارالحکومتوں سے کام کرتی ہے ۔ امید کی جا رہی ہے کہ پی ڈی پی کی حلیف کابینہ میں اپنی دو وزارتوں کے علاوہ کچھ نئے چہروں کو بھی کابینہ میں شامل کریگی اور موجودہ کچھ ارکان کو بدلا جائیگا ۔ ایک سینئر بی جے پی لیڈر نے یہ بات بتائی اور کہا کہ پارٹی صدر امیت شاہ کابینہ میں شامل کئے جانے والے ارکان کے ناموں کی فہرست ڈپٹی چیف منسٹر نرمل سنگھ کے حوالے کرینگے ۔ نرمل سنگھ دورہ دہلی پر تھے ۔ اطلاعات کے مطابق نرمل سنگھ نے بھی کل کابینی رد و بدل سے قبل استعفی پیش کردیا ہے ۔ کہا جا رہا ہے کہ اب ڈپٹی چیف منسٹر کا عہدہ جموں و کشمیر اسمبلی کے اسپیکر کویندر گپتا کو دیا جائیگا ۔ بی جے پی ریاستی یونٹ کے صدر ست شرما رکن اسمبلی کٹھوا اور پڑوسی علاقہ سامبھا کے رکن اسمبلی راجیو جسروٹیا اور دیویندر کمار مانیال ہوسکتا ہے کہ بی جے پی کے وزارتی نمائندے ہوں۔ نرمل سنگھ نے بتایا کہ انہوں نے ڈپٹی چیف منسٹر کے عہدہ سے استعفی دیدیا ہے تاکہ نئے ڈپٹی چیف منسٹر کی حلف برداری کی راہ ہموار ہوسکے ۔ پی ڈی پی کی جانب سے محمد خلیل بند ‘ رکن اسمبلی پلواما اور محمد اشرف میر ‘ رکن اسمبلی سونوار کو کابینہ میں شامل کیا جائیگا ۔