محبوبہ مفتی اور عمر عبداللہ کی راہول کو مبارکباد

سری نگر۔ 19 جون ۔( سیاست ڈاٹ کام ) جموں وکشمیر کی وزیراعلیٰ محبوبہ مفتی اور نیشنل کانفرنس کے نائب صدر و سابق وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے کانگریس پارٹی کے صدر راہول گاندھی کو اُن کے 48 ویں جنم دن پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے اُن کی تندرستی اور عمر درازی کے لئے دعا کی ہے ۔ محترمہ مفتی نے مائیکرو بلاگنگ کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے ایک ٹویٹ میں کہا کہ راہول گاندھی کو ان کے جنم دن پر مبارکباد پیش کرتی ہوں۔ ان کی تندرستی ، کامیابی اور خوشیاں بھری زندگی کے لئے دعاگو ہوں۔عمر عبداللہ نے راہول گاندھی کو مبارکباد دیتے ہوئے اپنے ٹویٹ میں لکھا کہ راہول گاندھی کو اُن کے 48 ویں جنم دن پر مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ خدا آپ کو اچھی صحت، ڈھیرساری کامیابیاں اور قوم کی خدمت کیلئے لمبی زندگی عطا کرے۔

کشمیر کے کولگام اور اننت ناگ اضلاع میں ہڑتال
سری نگر۔ 19 جون ۔( سیاست ڈاٹ کام ) جنوبی کشمیر کے کولگام اور اننت ناگ اضلاع میں منگل کے روز ہڑتال سے معمول کی زندگی بری طرح متاثر رہی۔ ضلع کولگام میں سیکورٹی فورسز کی فائرنگ سے ایک نوجوان کے ہلاک ہونے جبکہ ضلع اننت ناگ میں اُمت اسلامی کے بانی و میرواعظ جنوبی کشمیر ڈاکٹر قاضی نثار کی 24 ویں برسی کے سلسلے میں ہڑتال کی گئی۔ موصولہ اطلاعات کے مطابق دونوں اضلاع میں منگل کو دکانیں اور تجارتی مراکز بند رہے جبکہ سڑکوں پر گاڑیوں کی آمد ورفت معطل رہی۔ بیشتر تعلیمی ادارے بند رہے جبکہ سرکاری دفاتر و بینکوں میں معمول کا کام کاج جزوی طور پر متاثر رہا۔ سری نگر اور بانہال کے درمیان چلنے والی ریل خدمات منگل کی علی الصبح ایک دن کے لئے معطل کردی گئیں۔ ضلع کولگام میں موبائیل انٹرنیٹ خدمات کو پیر کی شام سے معطل رکھا گیا ہے ۔