سائبرآباد پولیس کے سائبر کرائم پولیس نے ملزم کو گرفتار کرلیا
حیدرآباد ۔ یکم ؍ اپریل (سیاست نیوز) محبت سے انکار پر لڑکی سے بدلہ لینے والے ایک شخص کو سائبر کرائم پولیس سائبرآباد پولیس نے گرفتار کرلیا جو لڑکی کے موبائیل پر عریاں تصاویر اور تصاویر سے چھیڑچھاڑ کرتے ہوئے لڑکی کو ہراساں کررہا تھا۔ پولیس نے بتایا کہ کے شیام نامی شخص کو گرفتار کرلیا گیا۔ پولیس نے بتایا کہ شکایت گذار لڑکی جو طالبہ ہے اس کی اور شیام کی ملاقات ایک تقریب میں ہوئی تھی جو آپس میں پڑوسی ہیں۔ دوستی کے بعد شیام نے لڑکی کو محبت کا پیغام دیا اور عاشقی کرنے لگا۔ تاہم لڑکی نے اس کی پیشکش کو مسترد کردیا۔ اس دوران اس شخص نے شکایت گذار لڑکی کی تصاویر حاصل کرلی تھی۔ جیسے ہی لڑکی نے اس کی پیشکش کو مسترد کردیا اس نے ٹھان لیا کہ سوسائٹی میں لڑکی کو بدنام کرے گا اور منصوبہ کے تحت گذشتہ 6 ماہ سے یہ شخص مسلسل لڑکی کے موبائیل فون پر واٹس ایپ کے ذریعہ تصاویر روانہ کررہا تھا۔ لڑکی کی تصاویر کے ساتھ چھیڑچھاڑ کرتے ہوئے قابل اعتراض انداز میں تصاویر تیار کرتے ہوئے لڑکی اور اس کے ساتھیوں میں تقسیم کررہاتھا۔ پولیس کے مطابق اس نے فرضی شناخت سے ایک فیس بک اکاؤنٹ تیار کیا تھا اور اس کے ذریعہ بھی لڑکی کے جذبات کو نقصان پہنچاتے ہوئے اس کے کردارکو مسخ کرنے کی کوشش میں تھا۔ پولیس نے شکایت کے بعد اس شخص کو گرفتار کرلیا۔