مجیداللہ خاں فرحت کے تعلیمی منصوبہ کو این آر آئیز کی تائید

یاقوت پورہ میں 15 اسکولوں کیلئے اراضیات کی فراہمی کیلئے گلف ایمپلائز فورم کا وعدہ

شارجہ۔ 29؍اپریل (بذریعہ فون)۔ غیر مقیم ہندوستانیوں میں جناب مجیداللہ خاں فرحت کی جانب سے معصوم بچوں کی تعلیم کے لئے تیار کردہ منصوبہ کو کافی مقبولیت حاصل ہوچکی ہے اور مجلس بچاؤ تحریک قائد کے منصوبوں کو عملی جامہ پہنانے کے لئے مکمل معاونت کرنے کا بیرون ملک موجود حیدرآبادیوں نے اعلان کیا ہے۔ دبئی اور شارجہ میں مقیم تلنگانہ سے تعلق رکھنے والے نوجوانوں کی تنظیم تلنگانہ این آر آئی گلف ایمپلائیز فورم کے ذمہ داران نے گزشتہ یوم ایک ہنگامی اجلاس طلب کرتے ہوئے اس بات کا فیصلہ کیا ہے کہ حلقہ اسمبلی یاقوت پورہ کے مجلس بچاؤ تحریک کے امیدوار جناب مجیداللہ خاں فرحت کی مکمل حمایت کی جائے اور ان کی کامیابی کے لئے اپیل جاری کی جائے۔ علاوہ ازیں اس اجلاس میں شریک صدر و نگران فورم مسٹر سید احمد محی الدین کے علاوہ دیگر ذمہ داران نے فیصلہ کیا ہے کہ جناب مجیداللہ خاں فرحت کے 150 اسکولوں کی تعمیر کے منصوبہ میں 15 اسکولوں کے لئے حلقہ اسمبلی یاقوت پورہ کے حدود میں اراضیات فورم کی جانب سے فراہم کی جائیں گی تاکہ اسکولس کی تعمیر کا جو اعلان فرحت خاں نے کیا ہے، اسے قابل عمل بنایا جاسکے۔ تلنگانہ این آر آئی گلف ایمپلائیز فورم کے دیگر عہدیدار محمد علی، اشفاق احمد، امانت علی، کرمانی و دیگر نے اس تجویز سے اتفاق کرتے ہوئے حلقہ اسمبلی یاقوت پورہ کے رائے دہندوں سے اپیل کی کہ وہ جناب مجیداللہ خاں فرحت کو کامیاب بناتے ہوئے انھیں ایوان میں پہنچائیں تاکہ یاقوت پورہ کی ترقی کا خواب پورا ہوسکے۔ ریاض میں موجود غیر مقیم ہندوستانی جناب مرزا انور بیگ کے علاوہ مسرز غلام سبحانی، محمد عبدالسلیم، محمد مظہرالدین، محمد فضل و دیگر محبانانِ مجلس بچاؤ تحریک نے حیدرآباد این آر آئیز فورم کے اجلاس میں شرکت کرتے ہوئے مجلس بچاؤ تحریک کے امیدواروں کی حمایت کا فیصلہ کیا۔ حیدرآباد این آر آئیز فورم ریاض کی جانب سے حلقہ اسمبلی چندرائن گٹہ کے تحریک کے امیدوار ڈاکٹر قائم خاں کے علاوہ حلقہ یاقوت پورہ کے امیدوار جناب مجیداللہ خاں فرحت کی کامیابی کے لئے دعائیں کی گئیں اور حیدرآباد کے رائے دہندوں سے اپیل کی گئی کہ وہ مجلس بچاؤ تحریک کے دو امیدواروں کی کامیابی کو یقینی بنائیں تاکہ ملت اِسلامیہ کی ترقی کے نئے باب کا آغاز ہوسکے۔ غیر مقیم ہندوستانیوں نے حیدرآبادی رائے دہندوں سے اپیل کی کہ وہ موجودہ حالات کی نزاکت کو سمجھتے ہوئے تحریک کے امیدواروں کو کامیاب بنائیں اور رائے دہی سے عین قبل پھیلائی جانے والی افواہوں سے چوکنا رہتے ہوئے اپنے حق رائے دہی کو استعمال کریں۔