نئی دہلی 29 مئی (سیاست ڈاٹ کام) تعلیمی قابلیت کے بارے میں تنازعہ پر اپنی خاموشی توڑتے ہوئے مرکزی وزیر برائے فروغ انسانی وسائل سمرتی ایرانی نے کہاکہ دباؤ ڈالنے والے حالات پیدا کئے گئے ہیں تاکہ اُن کی توجہ کام سے ہٹائی جاسکے۔ اُنھوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ اُن کے کام کی بنیاد پر اُن کو جانچیں۔ سمرتی نے کہاکہ اُن کی تنظیم نے اُنھیں اِس ذمہ داری کا اہل سمجھا ہے چنانچہ وہ عوام سے بھی اپیل کرتی ہیں کہ اِن کی جانچ اُن کی کارکردگی کی بنیاد پر کی جائے۔ یہ تنازعہ اِس لئے پیدا ہوا تھا کیونکہ سمرتی ایرانی نے 2004 ء اور 2014 ء کے انتخابات میں متضاد حلفنامے داخل کئے تھے۔کانگریس قائد اجئے ماکن نے اُن کی تعلیمی قابلیت پر اعتراض کیا تھا۔ سمرتی ایرانی نے کہاکہ تعلیمی قابلیت سے کارکردگی پر کوئی اثر نہیں پڑتا۔ اِس لئے وہ انکسار کے ساتھ کارکردگی کی بنیاد پر اُن کی جانچ کرنے کی خواہش کررہی ہیں۔