کراچی ۔ 15 اپریل ۔ ( سیاست ڈاٹ کام ) پاکستان کے سابق کرکٹ کپتان شعیب ملک نے ٹینس کی ڈبل رینکنگ میں پہلے نمبر پر آنے والی اپنی ہندوستانی بیوی ثانیہ مرزا پر فخر کا اظہار کیا ہے۔ 28 سالہ ثانیہ یہ اعزاز پانے والی پہلی ہندوستانی خاتون ہیں۔ انہوں نے یہ اعزاز اتوار کو اپنی ساتھی سوئٹزرلینڈ کی مارٹینا ہنگز کے ساتھ چارلسٹن (امریکہ ) میں فیملی سرکل ٹائٹل جیتنے پر پایا۔ شعیب نے میڈیا کو بتایا : ’’مجھے انتہائی فخر ہے اور میں بہت زیادہ خوش ہوں۔یہ پاکستان کیلئے بھی قابل فخر ہے کیونکہ وہ میری بیوی ہیں۔ یقیناً وہ انڈیا سے تعلق رکھتی ہیں اور اپنی قوم کی ترجمانی کرتی ہیں‘‘۔ ڈومیسٹک کرکٹ میں کامیابی کے باوجود ایک سال سے پاکستان ٹیم سے باہر شعیب نے کہا کہ ثانیہ کی کامیابی نوجوان مداحوں کیلئے امید کی کرن ثابت ہو گی۔ یہ کامیابی انڈیا اور پاکستان میں ٹینس کھلاڑیوں اور ٹینس کے پرستاروں کی بھی ہے۔ شعیب نے بتایا کہ انہوں نے اپنے آبائی شہر سیالکوٹ میں اہل خانہ کے ساتھ ٹی وی پر فائنل دیکھا اور بعدازاں انڈیا میں اپنے سسرال کو ٹیلی فون پر مبارکباد دی۔’’ثانیہ سے شادی سے پہلے ہی مجھے ٹینس بہت پسند تھی لیکن اب تو اس کھیل میں میرا رجحان مزید بڑھ گیا ہے۔ میں ثانیہ کے میچ دیکھتا ہوں اور مکمل آگاہی رکھنے کیلئے ان کے حریفوں کے بھی میچ دیکھنا نہیں بھولتا‘‘۔ 33 سالہ شعیب کے مطابق، زیادہ تر میچوں کے دوران وہ گراؤنڈ میں موجود نہیں ہوتے۔ ایسے میں وہ اپنی بیوی کو بہت یاد کرتے ہیں اور ٹی وی پر انہیں دیکھ لیتے ہیں۔
ویمنس ہاکی :ہند ۔ نیوزی لینڈ مقابلہ
ہیسٹنگس (نیوزی لینڈ) ۔ 15 اپریل ۔ ( سیاست ڈاٹ کام ) عالمی نمبر 2 آسٹریلیا کو اپنے گزشتہ میچ میں 0-0 سے ڈرا پر مجبور کرنے کے بعد انڈین ویمنس ہاکی ٹیم مزید بہتر مظاہرہ کی کوشش کرے گی جب وہ میزبان نیوزی لینڈ کا ہاکس بے کپ کے کوارٹرفائنلس میں کل یہاں مقابلہ کریں گے ۔ ہندوستانی خواتین نے چین اور امریکہ کے مقابل ناکامی کے ساتھ ناقص شروعات ضرور کی تھی لیکن گزشتہ روز آسٹریلیاکیخلاف ڈٹ کر کھیلا۔