مجھے اقتدار سے روکنا کانگریس کا واحد مقصد : مودی

پٹھان کوٹ 25 اپریل ( سیاست ڈاٹ کام ) بی جے پی لیڈر نریندر مودی نے آج الزام عائد کیا کہ کانگریس نے کچھ غیر سرکاری تنظیموں کے ساتھ ہاتھ ملاتے ہوئے انہیں اقتدار سے روکنے کے ایک نکاتی پروگرام پر عمل شروع کردیا ہے ۔ تاہم انہوں نے کہا کہ بی جے پی کیلئے عوام کی تائید کا جو طوفان اٹھا ہے اس کی وجہ سے ان کوششوں میں ناکامی ہوجائیگی ۔ انہوں نے یہاں ایک انتخابی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کاہ کہ عموما سیاسی مخالفین حکومت کو اقتدار سے بیدخل کرنے کیلئے یکجا ہوتے ہیں لیکن یہ پہلی مرتبہ ہے کہ خود برسر اقتدار جماعت کچھ تنظیموں کے ساتھ مل کر حکومت کو بچانے کیلئے یا اپنی خود کی حکومت تشکیل دینے کیلئے نہیں بلکہ مودی کو اقتدار پر آنے سے روکنے کیلئے کوشش کر رہی ہے ۔ کانگریس کی صدر سونیا گاندھی اور ان کے فرزند راہول گاندھی پر تنقید کرتے ہوئے بی جے پی لیڈر نے کہا کہ ماں اور بیٹے کی جانب سے چلائی گئی اس حکومت نے ملک کو تباہ کردیا ہے ۔ انہوں نے ادعا کیا کہ انتخابات میں کانگریس کا صفایا ہوجائیگا

اور مرکز میں بی جے پی زیر قیادت این ڈی اے کی حکومت تشکیل پائیگی ۔ ملک میں بی جے پی کے حق میں تائید کا ایک طوفان ہے اور کانگریس قائدین اس بات سے واقف ہیں کہ انتخابات کے نتائج کے بعد وہ کہاں ہونگے ۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس قائدین کو کپکپی ہو رہی ہے ۔ انہیں یقین ہے کہ کانگریس اور یو پی اے کو کئی ریاستوں میں ایک نشست تک حاصل ہونی مشکل ہوجائیگی اور ان کی نشستوں کی تعداد تقریبا تمام نشستوں میں ایک ہندسی ہوگی ۔ کانگریس کو کسی بھی ریاست میں 10 سے زیادہ نشستیں حاصل نہیں ہونگی ۔ انہوں نے گرداسپور پارلیمانی حلقہ میں بھارت وجئے ریلی سے خطاب کیا ۔ اس حلقہ سے اداکار سے سیاستدان بننے والے ونود کھنہ مقابلہ کر رہے ہیں۔ ونود کھنہ کے مقابلہ میں کانگریس نے پنجاب کانگریس کے صدر پرتاپ سنگھ باجو کو نامزد کیا ہے ۔ باجوا پہلے سے گرداسپور کے رکن پارلیمنٹ ہیں۔ مودی نے الزام عائد کیا کہ 60 سال کی تاریخ میں اس طرح کی ناقص ‘ بدعنوان اور بدنام حکومت پہلے کبھی قائم نہیں ہوئی تھی ۔