مجوزہ انتخابات کے پیش نظر روڈی شیٹرس کی کونسلنگ

حیدرآباد ۔ یکم اکتوبر (سیاست نیوز) مجوزہ اسمبلی انتخابات کے پیش نظر ساؤتھ زون پولیس نے روڈی شیٹرس کے خلاف کارروائی کا آغاز کردیا۔ پولیس چندرائن گٹہ نے آج علاقہ سے تعلق رکھنے والے 20 روڈی شیٹرس کو پولیس اسٹیشن طلب کر کے ان کی کونسلنگ کی ۔ انسپکٹر اے کوٹیشور راؤ نے روڈی شیٹرس کو یہ انتباہ دیا کہ وہ کسی بھی غیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث نہ ہوں اور انتخابات کے دوران کسی بھی قسم کی شرپسندی کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔ انسپکٹر نے روڈی شیٹرس کو وارننگ دی کہ وہ اپنی حرکتوں سے باز آجائیں ، بصورت دیگر ان کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی ۔ اس موقع پر انسپکٹر کوٹیشور راؤ نے کہا کہ روڈی شیٹرس کی نقل و حرکت پر مسلسل نظر رکھی جارہی ہے اور کسی بھی قسم کی غیر قانونی حرکت ان کیلئے مضر ثابت ہوگی۔