مجلس کے گڑھ میں آج راہول گاندھی کی مہم

شام 5 بجے چارمینار پر راجیو سدبھاونا میں شرکت اور جلسہ عام سے خطاب
جلسہ عام کو کامیاب بنانے اُتم کمار ریڈی اور شیخ عبداللہ سہیل کی اپیل

حیدرآباد /19 اکٹوبر ( سیاست نیوز ) صدر کانگریس راہول گاندھی کل تلنگانہ کا دورہ کر رہے ہیں ۔ ٹی آر ایس اور مجلس اتحادالمسلمین کے مضبوط گڑھ پر ان کی توجہ مرکوز ہوگی ۔پرانے شہر کے عوام میں راہول گاندھی کے دورہ سے جوش و خروش دیکھا جارہا ہے ۔ مجلس کے طاقتور گڑھ میں راہول گاندھی کا یہ پہلا دورہ ہے ۔ جہاں ان کے والد راجیو گاندھی نے 1990 میں چارمینار پر کانگریس پارٹی پرچم لہراکر سدبھاونا یاترا کا آغاز کیا تھا ۔ کل اسی مقام پر راہول گاندھی جلسہ عام سے خطاب کریں گے۔ راہول گاندھی ہیلی کاپٹر سے حیدرآباد آئیں گے اور بیگم ایرپورٹ پر اتر کر سڑک کے ذریعہ پرانے شہر چارمینار پہونچیں گے ۔ جہاں وہ شام 5 بجے تا 6 بجے راجیو سدبھاؤنا جلسہ میں شرکت کریں گے ۔ شام 7 بجے حیدرآباد سے دہلی کو روانہ ہوں گے ۔ راہول گاندھی کو ایس پی جی سیکوریٹی حاصل ہے اور ان کے دورہ کے روٹ پر زائد سیکوریٹی فراہم کی جائے گی ۔ تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی کے سرکاری ترجمان شراون دسوجو کے مطابق راہول گاندھی چارمینار کے قریب کانگریس کا پرچم لہرائیں گے اور راجیو گاندھی سدبھاونا یاترا یادگار دن کے موقع پر پرانے شہر کے عوام سے خطاب کریں گے ۔ سابق چیف منسٹر کے روشیا کو سدبھاؤنا یاترا ایوارڈ سے نوازا جائے گا ۔ الیکشن کمیشن کی جانب سے تلنگانہ اسمبلی انتخابات کے شیڈول کے اعلان کے بعد راہول گاندھی کا یہ پہلا دورہ ہے ۔ ٹی آر ایس اور مجلس کے مضبوط گڑھ میں شدید انتخابی مہم چلاتے ہوئے کانگریس کی کامیابی کو یقینی بنایا جائے گا ۔ مسلمانوں کو 12 فیصد تحفظات کی فراہمی میں ٹی آر ایس حکومت کی ناکامی اور ٹی آر ایس سے مجلس کے ناپاک ا تحاد کے بارے میں عوام کو واقف کروایا جائے گا ۔صدرپردیش کانگریس اُتم کمار ریڈی نے حیدرآباد عوام سے خاص کر پرانے شہر کے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ راہول گاندھی کے جلسہ میں زیادہ سے زیادہ تعداد میں شرکت کرکے اسے کامیاب بنائیں اور سیکولر پارٹی کو مضبوط کریں ۔ صدر تلنگانہ پردیش کانگریس اقلیتی ڈپارٹمنٹ شیخ عبداللہ سہیل نے بھی عوام سے ایپل کی کہ وہ صدر کانگریس راہول گاندھی کے دورہ پرانے شہر کو کامیاب بنائیں اور جلسہ عام میں کثیر تعداد میں شرکت کرتے ہوئے قومی پارٹی کے ہاتھ مضبوط کریں