مجلس کارپوریٹر اور دیگر کے خلاف مقدمہ

بہادر پورہ اسمبلی کانگریس امیدوار کلیم بابا پر حملہ ، کالا پتھر پولیس کی کارروائی
حیدرآباد ۔ /29 نومبر (سیاست نیوز) انتخابی مہم کے دوران جلسہ عام میں حلقہ اسمبلی بہادر پورہ کے کانگریس امیدوار مسٹر کلیم بابا پر حملہ میں ملوث مجلسی کارپوریٹر حسینی پاشاہ اور دیگر کے خلاف پولیس کالا پتھر نے ایک مقدمہ درج کرلیا ہے ۔ کل رات کالاپتھر کے علاقے بلال نگر میں کانگریس کا جلسہ عام منعقد کیا گیا تھا جس کی مخالفت کرتے ہوئے مجلسی کارپوریٹر نے اپنے ساتھیوں کے ہمراہ مبینہ طور پر وہاں حملہ کردیا اور کرسیوں اور دیگر فرنیچر کی توڑ پھوڑ کی ۔ اس ہنگامہ آرائی کے دوران بعض مقامی جماعت کے کارکنوں نے پولیس عملہ پر بھی حملہ کیا اور وہاں خوف کا ماحول پیدا کردیا تھا ۔ کالاپتھر پولیس نے مجلسی کارپوریٹر حسینی پاشاہ اور دیگر کے خلاف تعزیرات ہند کے دفعہ 143 ، 145 ، 353 اور دفعہ 127 آر پی ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کرتے ہوئے تحقیقات کا آغاز کیا ۔ پولیس اس حملے کی ویڈیو گرافی حاصل کرلی ہے اور حملے میں ملوث تمام خاطیوں کی نشاندہی کا سلسلہ جاری ہے ۔