عوام کو درکار تمام بنیادی سہولیات کی فراہمی کواولین ترجیح ‘ میونسپل کمشنر ‘ ششنائک کاانکشاف
کریم نگر 19 ؍ اگسٹ (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) عوامی قائدین ‘ سرکاری عہدیداران ‘ ملازمین کے بشمول شہریوں کے بھرپور تعاون کی وجہ سے مجلس بلدیہ کریم نگر کو قومی سطح پر 11 واں مقام حاصل ہوا ہے ۔ کمشنر بلدیہ شیشنائک نے پریس کانفرنس میں صحافیوں سے خطاب کرتے ہوئے اس بات سے واقف کروایا ۔ انہوں نے آنے والے وقت میں سبھی کے تعاون سے 11 ویں مقام سے 5 ویں مقام کے حصول کے لئے کوشش کی خواہش کی ۔ جنوری 2018 سے مجلس بلدیات میں بنیادی سہولتوں صاف صفائی سربراہی آب روشنی وغیرہ کے تعلق سے مرکزی حکومت نے راست عوام سے دریافت کرتے ہوئے رپورٹ منگوائی تھی ۔ اپریل سے ہر طرح کی تفصیلات حاصل کی گئیں ۔ بالخصوص ٹیلیفون ‘ سل فون کے ذریعہ تفصیلات کسی کے علم میں لائے بغیر حاصل کرلی گئیں اور تین لاکھ سے زائد آبادی کے حامل شہروں میں کریمنگر جو کہ 25 کلو میٹر کے احاطہ سے بھی کم ہونے کو بھی ترجیح دی اور عوام کو درکار تمام بنیادی سہولتوں کی فراہمی کو ترجیح دی ۔ عوام کو صحت مند ماحول تفریح کے لئے فی الحال چھ پارک ہر ماہ ایک کی شروعات کیلئے منصوبہ بندی کی ہے ۔ مقامی 46 ڈیویژن میں امرت پارک کمپاونڈ کی تعمیر کا کام تقریباً قریب الختم ہے ۔ عنقریب ہاوزنگ بورڈ پارک الکاپور سبھاش نگر پارک کے ساتھ 14 ویں ڈیویژن واوی لالہ پلی ‘ بٹی راجہ رام کالونی ‘ سینک پوری وغیرہ میں پارکوں کی تعمیر کا کام شروع کیا جائیگا ۔ تا حال 39 ڈیویژن بھلگت نگر زیڈ بی کوارٹر کے پارکوں کا افتتاح کیا جاچکا ہے ۔ شہری عوام پارکوں کے قیام کے خواہش مند دکھائی دے رہے ہیں ۔ روزانہ کم وبیش 10 ہزار افراد کئی مقامات سے شہر میں مختلف ضروریات کے لئے آ رہے ہیں ۔ 6 تا 7 ہزارآٹوز ہیں ۔شہر میں عوام کے ساتھ طلبا و طالبات کی سہولت کے لئے اندرون شہر سٹی بسوں کو شروع کیا جائیگا ۔ عوام کو 24 گھنٹے آبی سربراہی کا بھی منصوبہ عمل تیار کیا جاچکا ہے ۔ تا حال شہر کو کھلے عام حاجت ضروریہ سے پاک شہر قرار دیا گیا ہے اور شہر میں اہم مقامات پر ٹائیلٹ بھی قائم کئے جائیں گے ۔