مجلس بلدیہ عادل آباد کے اجلاس کاانعقاد

عادل آباد /31 ڈسمبر ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) عادل آباد مجلس بلدیہ کا اجلاس صدرنشین شریمتی آر منیشا کی صدارت میں جہاں منعقد ہوا وہیں بلدیہ اراکین کی زبردست ہنگامہ کے دوران تقریباً تین گھنٹہ تک جاری رہا ۔ اراکین بلدیہ نے صدرنشین پر ترقیاتی و تعمیراتی کاموں کو نظر انداز کرنے کا الزام عائد کیا ۔ نیز محلہ جات میں اسٹریٹ لائیٹ کی ناقص کارکردگی پر احتجاج منظم کیا ۔ بی جے پی کونسلر جوشی کی جانب سے صدرنشین بلدیہ پر جانبدارانہ رویہ کا الزام کرنے پر شریمتی نے بی جے پی کونسلر کے خلاف قانونی کارروائی کرنے کا انتباہ دیا ۔ جبکہ وارڈ نمبر 12 کونسلر مسٹر ظہیر رفاعی نے بڑے جانور گوشت مارکٹ تعمیر کی خاطر 50 لاکھ روپئے منظور کرنے کیلئے زبردست احتجاج کیا جس کے پیش نظر صدرنشین بلدیہ نے فی الفور 23 لاکھ روپئے اور دوسری قسط میں 12 لاکھ روپئے جاری کرنے سے اتفاق کرلیا ۔ کمشنر بلدیہ مسٹر وینکٹیشم کی کارکردگی پر الزام عائد کریت ہوئے اپنے رویہ میں تبدیلی لانے جہاں ایک طرف صدرنشین کی توجہ مبذول کروائی گئی وہیں دوسری طرف وارڈ نمبر 32 کونسلر شریمتی ونیتا نے اپنے محلہ میں 18 ماہ کے دوران ایک بھی ترقیاتی و تعمیری کام نہ ہونے کے بناء پرصدرنشین بلدیہ کو موردے الزام قرار دیتے ہوئے ایجنڈے کی کاپی کو ایوان اجلاس میں پھینکتے ہوئے بطور احتجاج اجلاس کا بائیکاٹ کیا ۔ نائب صدر بلدیہ مسٹر فاروق احمد نے یومیہ اجرت پ خدمات انجام دینے والے ورکرس کو مقرر کردہ اجرت فراہم نہ کرنے پر بلدیہ عہدیادروں سے وضاحت طلب کیا ۔ پیدائش و اموات صداقت نامہ فیس میں اضافہ کی تجویز کو مسترد کرتے ہوئے عوام کو مزید بوجھ سے دستبردار رکھنے کی خواہش کی ۔ محترمہ شکیلہ انجم نے اپنے وارڈ نمبر 5 کو ترقیاتی و تعمیراتی کاموں کیلئے یکسر نظر انداز کرنے کا الزام عائد کیا ۔