گرما گرم مباحث، مختلف ترقیاتی کاموں کیلئے رقمی منظوری
ظہیرآباد۔/31 اگسٹ، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) مجلس بلدیہ ظہیرآباد کا ماہانہ اجلاس آج میونسپل کونسل میٹنگ ہال میں زیر صدارت چنوری لاونیا صدر نشین بلدیہ منعقد ہوا۔ اجلاس میں آؤٹ سورسنگ کے ذریعہ دفتری کاموں کی انجام دہی کیلئے داخل کردہ ٹنڈرس اور مختلف ترقیاتی کاموں کو انجام دینے کیلئے رقومات منظور کئے گئے۔ اجلاس میں صفائی کے کاموں کو انجام دینے کی خاطر 20 رکشاؤں کی خریدی کیلئے 4,00000 روپئے کی رقمی منظوری دینے کے علاوہ وارڈ نمبر 1 میں ایک بورویل، وارڈ نمبر 2 میں ایک بورویل، وارڈ نمبر 9میں ایک بورویل، وارڈ نمبر 4 میں ایک بورویل، وارڈ نمبر 7میں 2بورویلوں، وارڈ نمبر 8میں ایک بورویل، وارڈ نمبر 9میں ایک بورویل، وارڈ نمبر10میں ایک بورویل، وارڈ نمبر 11 میں ایک بورویل، وارڈ نمبر 12میں 3بورویلوں، وارڈ نمبر 20میں ایک بورویل، وارڈ نمبر 21 میں ایک بورویل اور وارڈ نمبر 24میں 2بورویلوں کی کندیدگی کے لئے جملہ 17,00000 روپئے منظور کئے گئے۔ اجلاس میں پاور بور پمپ ریپیرنگ کیلئے 3,50000 روپئے مختلف وارڈس میں بورویل اسٹارٹر وائنڈنگ اور ضروری ساز و سامان کی خریدی کیلئے 2,50000 روپئے، آریہ نگر میں 2 نئے نلوں اور پائپ لائن کی تنصیب کیلئے 90,500 روپئے، وارڈ نمبر 17میں نئی پائپ لائن اور نلوں کی تنصیب کیلئے 42,200 روپئے، وارڈ نمبر 24میں نئی پائپ لائن اور نلوں کی تنصیب کیلئے 28,500 روپئے، وارڈ نمبر 21 میں نئی پائپ لائن اور نلوں کی تنصیب کیلئے 49,500 روپئے، وارڈ نمبر 11میں نئی پائپ لائن اور نلوں کی تنصیب کیلئے 28,870 روپئے، وارڈ نمبر 22میں نئی پائپ لائن اور نلوں کی تنصیب کیلئے49,500 روپئے منظور کئے گئے۔ اجلاس میں آؤٹ سورسنگ کے ذریعہ 7 مختلف بلدی کاموں کی انجام دہی کیلئے سری وینکٹیشورا انٹرپرائزس کی جانب سے داخل کردہ ٹنڈرس کو اس بناء پر مسترد کردیا گیا کہ اس ایجنسی نے جس کی میعاد جون 2016 کو ختم ہوچکی ہے، اپنے مفوضہ فرائض کے دوران بٹ پرائلنگ میں EMD داخل نہیں کیا تھا۔ اجلاس میں وارڈ نمبر 23وطن باغ میں نئے کالوے کی تعمیر کیلئے سید رحمت علی گتہ دار کے داخل کردہ ٹنڈر کو بھی منظوری دے دی گئی۔ اجلاس میں مذکورہ کاموں کے علاوہ دیگر کاموں کی انجام دہی کیلئے رقمی منظوریاں دی گئیں۔ اجلاس میں بلدی عہدیداران مسٹر ڈی جیت رام میونسپل کمشنر، آر لکشمی نارائنا ٹاؤن پلاننگ آفیسر، نائب صدر نشین بلدیہ مسٹر محمد عظمت پاشاہ کے بشمول تمام بلدی ارکان و معاون ارکان سوائے ایک بلدی رکن کے موجود تھے۔ یہاں اس بات کا تذکرہ بے جا نہ ہوگا کہ بلدی اجلاس کے آغاز سے قبل اجلاس میں اس وقت گرما گرم بحث و تکرار کا سلسلہ چل پڑا جب کہ ٹی آر ایس کے رکن بلدیہ مسٹر ناما روی کرن نے گزشتہ دنوں بلدی عہدیداروں کے ہمراہ چند اراکین بلدیہ کی جانب سے کئے گئے پانچ روزہ گوا کے سیاحتی دورہ سے متعلق کرسی صدارت سے وضاحت طلب کی تھی۔ اس موقع پر اراکین بلدیہ کی اکثریت مسٹر ناما روی کرن سے اُلجھ پڑی اور انہوں نے وضاحت کی کہ ان کا یہ دورہ سرکاری خرچ پر نہیں تھا۔