تانڈور 3 جولائی (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) مجلس بلدیہ تانڈور کا اجلاس آج محترمہ کے وجئے لکشمی چیرمین کی صدارت میں کونسل ہال میں منعقد ہوا۔ اجلاس کے آغاز سے ہی اجلاس کا بائیکاٹ کیا۔ مجلس کے 10 ارکان کونسل ہال میں بیٹھنے سے انکار کردیا۔ محمد آصف فلور لیڈر نے کرسی صدارت کے رویہ پر سخت اعتراض کیا۔ ان کا اقدام مجلسی کونسلرس کے خلاف ہے وہ یہ کہ میٹنگ ہال میں ان کی نشست پوڈیم سے بہت دور ہیں۔ ان کی کرسیاں پوڈیم کے قریب کردی جائیں۔ صدرنشین نے ان تمام 10 کونسلرس (مجلس) کو مناتی رہیں۔ سمجھا بجھا کر افہام تفہیم کے ذریعہ مجلس کے فلور لیڈر و ارکان بلدیہ (مجلس) کو اس جنرل باڈی میٹنگ میں شریک ہونے پر راضی کرلیا۔ اس طرح اجلاس دو گھنٹے تاخیر سے ایک بجے شروع ہوا۔ ممتاز ناز کونسلر (کانگریس) نے ارکان مجلس کے اس عمل کو معقولیت سے خارج کردیا۔ نشست کہیں بھی ہو انھیں اجلاس میں شریک ہوکر عوامی مسائل پر بحث کرنی چاہئے۔ دوران میٹنگ عبدالرزاق فلور لیڈر ٹی آر ایس بلدی عہدیدار مسٹر ست نارائن اے ای سے الجھ پڑے۔ کافی دیر تک عبدالرزاق بلدی انجینئر کی کلاس لیتے رہے۔ گزشتہ ماہ جنوری میں جاب منعقد کیا گیا تھا۔ اس کے اخراجات کی پابجائی کے لئے کونسلر نے 14 ہزار روپئے کی منظوری دی۔ اس کے علاوہ پٹھانے گلی میں ڈرین اور سڑک کی مرمت کے کاموں کی بھی منظوری عمل میں آئی جس کی نمائندگی مجلس کے فلور لیڈر محمد آصف نے کی تھی۔