تانڈور ۔ 4 ستمبر ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) مجلس بلدیہ تانڈور کا دوسرا ماہانہ اجلاس آج کونسل ہال میں منعقد ہوا محترمہ کے وجئے لکشمی چیرمین نے صدارت کی ۔ تمام بلدی حلقوں کے (31) ارکان نے شرکت کی (25) نکات پر مشتمل ایجنڈہ کو متفقہ طور پر کونسل نے منظوری دے دی ۔ بعض بلدیہ حلقوں میں جدید سڑک کی تعمیر اور چند حلقہ جات میں منی واٹر ٹینک کی برقی موٹر کے ساتھ منظوری دی گئی ۔ مجلس کے فلور لیڈر محمد آصف علی نے مطالبہ کیا کہ اردو تلنگانہ ریاست کی دوسری سرکاری زبان ہے لہذا دفتر بلدیہ تانڈور میں اہل غرض حضرات سے اردو میں درخواستیں قبول کی جائیں اور بلدیہ عہدیداروں کے اجلاس پر آویزاں تختی پر اردو تحریر بھی موجود ہونا چاہئے ۔ شری گوپی کمشنر بلدیہ نے محمد آصف بلدی فلور لیڈر کی اس تجویز کو قبول کر لیا اور آئندہ ماہ اس تجویز پر عمل درآمد کا تیقن دیا ۔ اجلاس میں (31) رکنی مجلس بلدیہ تانڈور میں 3 اعزازی ارکان کوآپشن ممبر کے تقرر کا اعلان کیا گیا ۔ محترمہ آمنہ بیگم ( مجلس ) ، محمد جیلانی ( مجلس ) ، محترمہ انسویا ( ٹی آر ایس ) شامل ہیں ۔ اس ماہانہ اجلاس میں عام گوپی کمشنر بلدیہ کے علاوہ سری ہری مینجر بلدیہ ، ست نارائن اے ای ، سری کانت سینٹری انسپکٹر ، سید ساجد علی وائس چیرمین بلدیہ تانڈور ، محمد آصف علی فلور لیڈر ، عبدالرزاق ، نرسملو ٹی آر ایس محمدی بیگم ایڈوکیٹ ، صوفیہ بیگم ایڈوکیٹ ، مختار ناز ، شوبھارانی وغیرہ ارکان شرکاء اجلاس میں قابل ذکر ہیں ۔