کے سی آر دور حکومت میں ترقیاتی کام ٹھپ، بی جے پی کے جلسہ سے ڈاکٹر لکشمن کا خطاب
کاغذ نگر۔/29نومبر، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) کاغذ نگر مستقر کے ایس پی ایم کرکٹ میدان میں آج یعنی 29نومبر کے روز بی جے پی کے جلسہ عام کا اہتمام کیا گیا۔ اس جلسہ عام میں مہمان خصوصی کی حیثیت سے بی جے پی تلنگانہ اسٹیٹ صدر ڈاکٹر لکشمن اور تلنگانہ اسٹیٹ بی جے پی انچارج کرشنا داس، بی جے پی اسٹیٹ نائب صدر محترمہ بی وانیتا، سابق ریاستی وزیر امر سنگھ تلاوت، کمرم بھیم ضلع بی جے پی صدر جے پی پوڈیل تعلقہ انچارج کے ستیہ نارائن اور ڈاکٹر کے سرینواس، ڈاکٹر محترمہ کے انیتا اور مقامی اور غیر مقامی بی جے پی قائدین اور کارکنوں اور عوام کی کثیر تعداد موجود تھی۔ اس موقع پر تلنگانہ بی جے پی ریاستی صدر ڈاکٹر لکشمن نے کہا کہ کے چندر شیکھر راؤ جھوٹے وعدوں کے ذریعہ اقتدار حاصل کرتے ہوئے تلنگانہ کی بھولی بھالی عوام کو بے وقوف بنارہے ہیں۔ تلنگانہ کی تشکیل سے قبل کئے گئے وعدوں کو پورا کرنے میں وہ ناکام ہوچکے ہیں۔ دلت کو چیف منسٹر بنانے کا انہوں نے اعلان کیا تھا لیکن دھوکہ دیتے ہوئے خود اقتدار حاصل کرچکے ہیں۔ ہر گھر کو ایک نوکری اور دلتوں کو فی کس 2 ایکر اراضی کی مفت تقسیم اور کے جی تا پی جی مفت تعلیم دینے کا اعلان کیا تھا لیکن عملی اقدامات کرنے سے قاصر ہیں۔ پراجکٹوں کے نام پر کروڑہا روپیوں کا غبن اور گتہ داروں کی جیبوں میں رقم کا اضافہ کیا جارہا ہے، اس طرح سے تلنگانہ حکومت عوام کے مسائل کی یکسوئی میں ناکام ہوگئی ہے اور بیروزگاری میں بھی اضافہ ہوتا جارہا ہے۔ ریاست میں ٹی آر ایس اقتدار کے تین سال کے دوران تلنگانہ میں بیروزگاری میں اضافہ کی وجہ سے لگ بھگ 3500 کسانوں نے خودکشی کرلی ہے اور تلنگانہ میں 4000 اسکولوں کو بند کرنے کی سازش اور 700 ڈگری کالجوں کو بند کردیا گیا جس کی وجہ سے سینکڑوں لوگ بیروزگار ہوگئے ہیں اور خاص طور پر سرپور پیپر ملز بند ہوکر دو سال گذر چکے ہیں لیکن ایس پی ایم کے دوبارہ احیاء کیلئے ریاستی حکومت نے کوئی اقدامات نہیں کئے لیکن بی جے پی اگر اقتدار میں آئے تو ایس پی ایم کے دوبارہ احیاء کیلئے جدوجہد کرنے کا اعلان کیا گیا اورکے سی آر کے دور حکومت میں ضلع کمرم بھیم آصف آباد کے کاغذ نگر میں سرپور پیپر ملز بند رہنے پر لگ بھگ 4000 ملازمین بیروزگار ہوگئے ہیں اور تقریباً 10 ہزار افراد خاندان متاثر ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ریاستی حکومت آنے والے دنوں میں دوبارہ اقتدارحاصل کرنے کیلئے کسانوں کی کمیٹیاں تشکیل دیتے ہوئے ٹی آر ایس کارکنوں کا اضافہ کررہی ہے تاکہ انتخابات میں فائد ہوسکے۔ بی جے پی اسٹیٹ صدر ڈاکٹر لکشمن نے کہا کہ مجلس اور ٹی آر ایس پارٹی ایک سکے کے دو رُخ ہیں اس لئے مجلس پارٹی کو سبق سکھانے کیلئے مجلس پارٹی کی تائید کرنے والی ٹی آر ایس کوآئندہ دنوں میں حلقہ سرپور ٹاؤن سے ناکام کرتے ہوئے حلقہ سر پور میںآنے والے 2019 کے اسمبلی انتخابات میں بی جے پی کے ڈاکٹر سرینواس کو بھاری اکثریت سے کامیاب بنانے کی عوام سے اپیل کی گئی۔ بعد ازاں ڈاکٹر لکشمن کے ہاتھوں بی جے پی پارٹی کھنڈوا پہن کر ڈاکٹر کے سرینواس نے بی جے پی میں سینکڑوں حامیوں کے ساتھ بی جے پی میں شمولیت اختیار کرلی۔ اس موقع پر بی جے پی میں شامل ہونے والوں میں مسلم نوجوانوں اور برقعہ پوش خواتین بھی شامل ہیں۔ ڈاکٹر محترمہ انیتا کے شکریہ پر پروگرام کا اختتام عمل میں آیا۔