مثالی ترقی کیلئے متحدہ کام کرنے پر زور

بلدیہ نارائن پیٹ کا اجلاس ، صدرنشین انسویا کا خطاب
نارائن پیٹ یکم / جنوری ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) مثالی ترقی کیلئے تمام پارٹیوں کو بلالحاظ سیاسی وابستگی متحدہ طور پر کوشش کرنی ہوگی ۔ شریمتی انسویا چیرپرسن بلدیہ نے بلدیہ کے اجلاس میں ان خیالات کااظہار کیا ۔ اس موقع پر کنٹراکٹس پیانل ، عمارتوں کی تعمیر واٹر سپلائی صحت و صفائی کی کمیٹی کا انعقاد عمل میں آیا ۔ اجلاس کے آغاز میں پاکستان کے مقام پشاور میں ہلاک ہونے والے طلباء سے اظہار تعزیت کرتے ہوئے دو منٹ کی خاموشی منائی گئی۔ اس حملہ کی مذمت میں قرارداد منطور کی گئی ۔ قرارداد کو رگھورامیا گوڑ بی جے پی کونسلر نے پیش کیا ۔ شہر کی ترقی کیلئے تمام ارکان کو مل جل کر کام کرنے کی ضرورت پر شریمتی انوسویا چیرپرسن نے زور دیا ۔ بعد ازاں بلدی کمیٹیوں کی تشکیل عمل میں لائی گئی ۔ کنٹراکٹ کمیٹی میں نندو ناموجی ، کمل پربھاکر ، گوتمی سوامی ، نرسمہا ، امیر الدین ، ترنم بیگم ، ماروتی کو شامل کیا گیا جبکہ پیانل کمیٹی ارکان میں رگھو رامیا گوڑ ، پوشل ونود ، سجاتا ، اکامہادیوی ، ایس لکشمی ، نارائنماں ، محمد تقی چاند اور عمارتوں کی تعمیراتی کمیٹی میں شیوا راج ، راما لکشمیاں ، بھارتماں ، جیوتی ، وجئے لکشمی ، محمد تقی ، صحت و صفائی کی کمیٹی میں رگھورامیا گوڑ ، ونود ، نندونامی ، شیوراج ، رمیش ، جیوتی کا بلامقابلہ انتخاب عمل میں آیا ۔بی جے پی کے کونسلر ونود نے کہا کہ دفتر بلدیہ میں چپراسی سے لیکر تمام عملہ وقت پر نہیں حاضر ہو رہے ہیں اور رجسٹر حاضری میں دستخط کر رہے ہیں ۔ محمد تاج الدین ( بی جے پی ) معاون رکن بلدیہ نے کہاکہ 11 ربیع الاول کے دن مسلمانوں کی جانب سے جلوس نکالا جاتا ہے ۔ جلوس میلادالنبی ﷺ کے گذرنے کے راستہ میں صفائی کے کام انجام دئے جائیں گے ۔ 10 ربیع الاول کی رات میں جلسہ میلادالنبی ﷺ کا اہتمام مساجد میں کیا جاتا ہے ۔ برقی کو منقطع نہ کرکے اس رات مسلسل برقی سربراہی کا نظم کیا جائے ۔