متھن چکرورتی راجیہ سبھا کیلئے نامزد :ممتا بنرجی

کولکتہ ۔ /18 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) مغربی بنگال کی چیف منسٹر ممتا بنرجی نے بالی ووڈ اداکار متھن چکرورتی کو اس ریاست میں ہونے والے راجیہ سبھا انتخابات میں اپنی ترنمول کانگریس پارٹی کے امیدوار کی حیثیت نامزد کرنے کا آج اعلان کیا ہے ۔ ممتا بنرجی سوشیل نٹ ورکنگ ویب سائیٹ فیس بک پر پوسٹ کردہ اپنے پیغام میں کہا کہ ’’ ہماری ریاست میں اس مرتبہ راجیہ سبھا کے پانچ ارکان منتخب کئے جائیں گے ۔ ان نشستوں میں سے ایک نشست ترنمول کانگریس کی طرف سے متھن چکرورتی ایک مشہور و معروف فلمی شخصیت ہیں جنہوں نے تہذیبی و سماجی سرگرمیوں کیلئے اپنی زندگی کو کامیابی کے ساتھ وقف کیا ہے ۔ بنرجی نے کہا کہ ’’ وہ (متھن) نہ صرف مغربی بنگال بلکہ سارے ملک کا ایک قیمتی اثاثہ ہیں ۔ انہیں نامزد کرتے ہوئے ہم فخر محسوس کررہے ہیں ۔ ‘‘ مغربی بنگال میں راجیہ سبھا کی پانچ نشستیں اپریل میں مخلوعہ ہوں گی ۔ جنہیں پر کرنے کیلئے ایوان میں /7 فبروری کو رائے دہی ہوگی ۔