متھالی کی طرح ان کو بھی کارکردگی کے عروج پر ٹیم سے باہر رکھا گیا تھا: گنگولی

کولکتہ۔ 25 نومبر (سیاست ڈاٹ کام)انگلینڈ کے ساتھ سیمی فائنل میچ میں سینئر کھلاڑی متھالی راج کو آرام دینے کے فیصلے پر تبصرہ کرتے ہوئے سابق ہندوستانی کپتان سورو گنگولی نے اس کو غلط فیصلہ سے تعبیر کیا اور کہا کہ ان کے ساتھ بھی جب ان کا کھیل عروج پر تھا، اسی طرح سلوک کیا گیا تھا اور انہیں اہم میچس میں ٹیم سے باہر رکھ دیا گیا تھا۔ متھالی راج ODI کپتان ہیں جنہوں نے پاکستان اور آئرلینڈ کے ساتھ لگاتار نصف سنچری بنائی تھیں۔ ان کو آسٹریلیا کے خلاف آخری میچ میں گھٹنے کے زخم کا بہانہ بناتے ہوئے ٹیم سے باہر رکھ دیا گیا اور انگلینڈ کے ساتھ ہندوستان کی 8 وکٹوں کے ساتھ شکست کی وجہ بھی یہی ہے۔ سورو گنگولی نے آج ٹالی گنگ کلب میں مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ جب وہ کپتان تھے، تب انہیں بھی اسی طرح کے سلوک کا سامنا کرنا پڑا تھا اور اب وہ متھالی کو بھی اسی گروپ میں خوش آمدید کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جب وہ اپے بہترین کارکردگی کے وقت میں تھے تو ایک دن فیصل آباد کرکٹ میچ کے دوران کہا گیا تھا کہ وہ اب آرام کریں تو پھر وہ ونڈے ٹسٹ کیلئے پندرہ ماہ تک صرف آرام ہی کرتے رہے اور وہ فیصلہ کپتان کا تھا اور ان کو ماننا ضروری تھا لیکن انہوں نے کہا کہ متھالی کے ساتھ ہوا یہ عمل ان کے کیریئر کا اختتام نہیں ہے۔