متھالی راج کو بی ایم ڈبلیو کار کا تحفہ

حیدرآباد ۔ یکم اگست (سیاست ڈاٹ کام) تلنگانہ بیڈمنٹن اسوسی ایشن کے نائب صدر وی چمنڈیش وریناتھ نے آج ہندوستانی ویمنس کرکٹ ٹیم کی کپتان متھالی راج کو اعلیٰ درجہ کی بی ایم ڈبلیو کار تحفہ میں دی ہے۔ متھالی راج جنہوں نے انگلینڈ میں منعقدہ آئی سی سی ویمنس ورلڈ کپ 2017ء میں سب سے زیادہ رنز بنانے والی کھلاڑی بنی تھی جنہیں شاندار مظاہروں پر آج یہاں حیدرآباد میں تحفہ میں کار دی گئی۔ یہ کار پولیلا گوپی چند بیڈمنٹن اکیڈیمی میں خاتون کرکٹر کے حوالے کی گئی، اس موقع پر بیڈمنٹن اسوسی ایشن کے صدر گوپی چند بھی موجود تھے۔ بعدازاں چمنڈیش وریناتھ نے میڈیا نمائندوں سے اظہارخیال کرتے ہوئے کہا کہ ورلڈ کپ کے دوران متھالی راج خاتون ونڈے کرکٹ میں سب سے زیادہ رنز بنانے کا اعزاز حاصل کیا جس پر ہم انہیں یہ کار تحفہ میں دے رہے ہیں۔ متھالی راج نے 12 جولائی کو 6000 رنز اسکور کرتے ہوئے عالمی ریکارڈ قائم کیا تھا اور یہ ریکارڈ انہوں نے برسٹل میں آسٹریلیا کے خلاف کھیلے گئے مقابلہ میں بنایا۔ چامنڈی کے نام سے مشہور نائب صدر نے پہلی مرتبہ کسی کو کار تحفہ میں نہیں دی بلکہ 2005ء میں بھی جب ہندوستانی ٹیم ورلڈ کپ میں پہنچی تھی تب بھی انہوں نے بی ایم ڈبلیو کار کا تحفہ دیا تھا۔ علاوہ ازیں انہوں نے پی وی سندھو کو اولمپکس میں سلور میڈل، دیپاکرماکر کو جمناسٹک میں چوتھا مقام حاصل کرنے پر بھی کار کا تحفہ دیا تھا۔ اس موقع پر گوپی چند نے بھی متھالی راج کے مظاہروں کی ستائش کی جبکہ متھالی راج نے ٹیم کے کھلاڑیوں کے مظاہروں کی ستائش کرنے کے علاوہ تحفہ دینے پر انہوں نے تمام افراد کا شکریہ بھی ادا کیا۔