نئی دہلی ۔31 جنوری (سیاست ڈاٹ کام ) ہندوستانی ٹیم رنزکا تعاقب کرنے میں ماہرمانی جاتی ہے اور اس وقت ہندوستانی ٹیم میں دو ایسے کھلاڑی ہیں، جنہیں چیزماسٹر(نشانے کا تعاقب کرنے میں ماہر) کہا جاتا ہے۔ جب بھی نشانہ کا تعاقب کرنے کی بات ہوتی ہے توویراٹ کوہلی اورمہندرسنگھ دھونی کا نام سب سے پہلے نظرآتا ہے۔ ان دونوں ہی کھلاڑیوں کے پاس میچ ختم کرنے کی زبردست صلاحیت ہے۔ یہی وجہ ہے کہ دونوں کودنیا کے بیسٹ فنیشرس میں شامل کیا جاتا ہے۔ دھونی کافی وقت سے ٹیم کے لئے فنیشرس کا رول نبھاتے آرہے ہیں۔ وہیں ویراٹ کوہلی کو رنوں کا تعاقب کرنا خاص طورپرپسند آتا ہے۔ کوہلی کو رنوں کا تعاقب کرنا کتنا پسند ہے، اس کا پتہ ان کی سنچریوں کی تعداد کو دیکھ کربھی چلتا ہے۔ کوہلی نے ونڈے میں اب تک 39 سنچریاں بنائی ہیں، جس میں انہوں نے 24 سنچریاں ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے لگائی ہیں۔ دھونی اورکوہلی بھلے ہی دنیا کے بیسٹ فنیشرس مانے جاتے ہوں، لیکن اس کے باوجود ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے اوسط میں یہ کھلاڑی سب سے اوپرنہیں ہیں۔ ایک خاتون کھلاڑی ان دونوں کھلاڑیوں کو بھی شکست دی رہی ہے اور وہ ہندوستانی خواتین کرکٹ ٹیم کی ونڈے کپتان متھالی راج ہیں۔ ان کے ریکارڈز کوہلی اور دھونی سے بہتر ہیں۔رنوں کا تعاقب کرتے ہوئے متھالی راج کا اوسط کوہلی اوردھونی دونوں سے بہترہے۔ ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے جہاں کوہلی کا اوسط 96.23 اوردھونی کا اوسط 103.07 ہے، وہیں راج نے ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے 111.29 کی اوسط سے رنز بنائے ہیں۔ واضح رہے کہ ہندوستان ۔ نیوزی لینڈ کے درمیان کھیلے گئے میچ میں متھالی راج نے ناٹ آوٹ 63 رنز کی اننگز کھیلی اورہندوستانی ٹیم کو کامیابی دلانے میں مدد کی۔ اس جیت کے ساتھ ہی نیوزی لینڈ کے ساتھ کھیلی جارہی تین میچوں کی سیریز کو ہندوستان نے اپنے نام کرلیا ہے۔ یہی نہیں متھالی راج اکثروبیشترمشکل وقت میں اپنی ٹیم کے لئے بہترین بیٹنگ کرتی ہیں اورٹیم کو فتح سے ہمکنارکرواتی ہیں۔