متوقع وزیر دفاع پاریکر کا آج استعفی ،پارسیکر امکانی جانشین

پاناجی 7 نومبر ( سیاست ڈاٹ کام)چیف منسٹر گوا کے عہدہ کیلئے دوڑ میں مزید شدت پیدا ہوگئی جبکہ وزیر صحت لکشمی کانت پارسیکر منوہر پاریکر کے جانشین کے لئے دوڑ میں سب سے آگے ہیں۔منوہر پاریکر کو مرکزی حکومت نے بحیثیت وزیر دفاع شامل کرنے کا امکان ہے ۔ موجودہ وزیراعظم بی جے پی کے مرکزی پارلیمانی بورڈ کے نئی دہلی میںاجلاس کے بعد کل چیف منسٹر کے عہدہ سے استعفی دیدیں گے ۔ بی جے پی مقننہ پارٹی کا ایک اجلاس ان کے جانشین کا انتخاب کرنے منعقد کیا جائے گا ۔ بی جے پی پارلیمانی بورڈ کا اجلاس کل صبح دہلی میں منعقد ہوگا تا کہ پاریکر کے جانشین کا انتخاب کیا جائے ۔ اس کے بعد پاریکر استعفی دیدیں گے اور اندرون دو گھنٹے نئے چیف منسٹر گوا کی حلف برداری تقریب منعقد ہوگی۔ اجلاس کے دوران تین نام ریاستی وزیر صحت لکشمی کانت پارسیکر ،اسپیکر اسمبلی راجندر آرلیکر اور ڈپٹی چیف منسٹر فرانسیس ڈیسوزا ابھر کر سامنے آئے تھے۔ ناموں کے بارے میں انکشاف کرنے سے انکار کرتے ہوئے پاریکر نے کہا کہ فہرست پارٹی کے پارلیمانی بورڈ کو سپرد کردی جائے گی اور وہیں قطعی فیصلہ کرے گی۔ پارٹی پہلے ہی سینئر قائد راجو پرتاب روڈی ، سابق چیف منسٹر کرناٹک بی ایس یدی یوراپا اور معتمد تنظیمی بی ستیش کو مقننہ پارٹی کے اجلاس کی نگرانی کیلئے روانہ کرچکی ہیں۔