متوفی صحافی کی بیوہ کو امدادی رقم کی حوالگی

سنگاریڈی۔ /15مارچ، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) جناب محمد عبدالرشید نامہ نگار اعتماد سداسیو پیٹ ضلع سنگاریڈی کا مختصر سی علالت کے بعد گزشتہ سال ماہ نومبر میں انتقال ہوگیا تھا۔اردو جرنلسٹ فورم ضلع سنگاریڈی نے جناب محمد عبدالرشید مرحوم کے ورثا کو حکومت سے مالی امداد منظور کروانے کی کامیاب سعی کی ۔ ریاستی سکریٹری ٹی یو ڈبلیو جے الحاج محمد عبدالقادر فیصل اور محمد حاجی صدر پریس کلب سداسیو پیٹ نے جناب محمد عبدالرشید مرحوم کے ورثا کی جانب سے ڈی پی آر او آفس میں درخواست داخل کئے اور وہاں سے اس کو تلنگانہ اسٹیٹ میڈیا اکیڈیمی کو فارورڈ کرواکر اکیڈیمی میں داخل کیا اور اس کی منظوری کیلئے کوشش کی ۔ تلنگانہ اسٹیٹ میڈیا اکیڈیمی نے جناب محمد عبدالرشید مرحوم کی اہلیہ محترمہ فاطمہ بیگم کو ایک لاکھ روپئے کے علاوہ ماہانہ 3ہزار روپئے وظیفہ بطور امداد منظورو جاری کیا۔ ایک لاکھ روپئے مالی امداد کا چیک دفتر تلنگانہ میڈیا اکیڈیمی حیدرآباد نے الحاج محمد عبدالقادر فیصل ریاستی سکریٹری ٹی یو ڈبلیو جے، حافظ محمد عبدالقیوم اسٹاف رپورٹر اور محمد حاجی صدر پریس کلب سداسیو پیٹ کی موجودگی میں ایک لاکھ روپئے کا چیک جناب محمد عبدالرشید مرحوم کی اہلیہ و فرزند کے حوالے کیا۔