متوفی تلگو محنت کشوں کے خاندانوں کو پانچ لاکھ ایکس گریشیا

چینائی میں عمارت کے انہدام میں متوفیوں کی تعداد 9ہوگئی،صورتحال پر چندرا بابو کا غور
حیدرآباد 29 جون (پی ٹی آئی)آندھرا پردیش کے چیف منسٹر این چندرا بابو نائیڈو نے چینائی میں عمارت منہدم ہوجانے کے واقعہ میں فوت ہونے والے تلگو محنت کشوں کے خاندانوں کو فی کس پانچ لاکھ روپئے ایکس گریشیا دینے کا اعلان کیا ہے ۔ مسٹر نائیڈو نے یہاں منعقدہ ایک اجلاس میں چینائی میں عمارت کے انہدام کے واقعہ کا جائزہ لیا اور ریاستی وزیر کے مرینالینی کو چینائی میں مقام حادثہ کا معائنہ کرنے کے علاوہ راحت و امداد کے کاموں کی نگرانی کرنے کی ہدایت کی ۔ یہاں کہا جات ہے کہ اس واقعہ میں فوت اور زخمی ہونے والوں کی اکثریت کاتعلق آندھرا پردیش کے ضلع وجیا نگرم سے ہے اور وزیر امکنہ مرینا لینی بھی اسی ضلع سے تعلق رکھتی ہیں۔ علاوہ ازیں وجیا نگرم شاہی خاندان کے رکن و مرکزی وزیر شہری ہوا بازی پی اشوک گجپتی راجو بھی آج رات یا کل صبح چینائی پہونچ رہے ہیں۔ نیلور کی جوائنٹ کلکٹر ایکا پریہ درشنی کی قیادت میں ایک ٹیم گذشتہ روز ہی چینائی پہنچ گئی ہے جو وہاں جاری امدادی کاموں کی نگرانی کررہی ہے ۔ ضلع نیلور ، ٹاملناڈو کی سرحد سے متصل ہے ۔ چندرا بابو نائیڈو نے زخمیوں کو فی کس 50,000 روپئے امداد دینے کا اعلان کیا ہے ۔ اس دوران ملبہ سے مزید چار نعشیں دستیاب ہونے کے بعد متوفیوں کی تعداد 9 تک پہونچ گئی ہے ۔