متوفی ارکان کو خراج عقیدت کے بعد پارلیمنٹ اجلاس ملتوی

نئی دہلی 5 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) پارلیمنٹ کا سرمائی اجلاس آج انتہائی سنجیدہ انداز میں شروع ہوا جبکہ پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں میں موجودہ متوفی ارکان کے انتقال پر تعزیت پیش کی گئی۔ راجیہ سبھا کے رکن موہن سنگھ اور لوک سبھا کے رکن مراری لال کا انتقال ہوگیا ہے۔ اُنھیں خراج عقیدت پیش کرنے کے بعد ایوان کا اجلاس آج دن بھر کے لئے ملتوی کردیا گیا۔ اظہار تعزیت میں اسپیکر لوک سبھا میرا کمار نے ایوان کی نمائندگی کرتے ہوئے کہاکہ بی جے پی کے رکن پارلیمنٹ برائے سرگھودا ، مراری لال سنگھ کا انتقال کل رائے پور میں 61 سال کی عمر میں ہوا۔ اُنھوں نے قبائیلیوں کی فلاح و بہبود کے لئے انتھک کوشش کی تھی۔ لوک سبھا میں 7 سابق ارکان گربندر کور برار، آر پی سارنگی اور موہن سنگھ کے انتقال پر بھی خراج عقیدت پیش کیا گیا۔ علاوہ ازیں راجیہ سبھا کے موجودہ رکن جن کا تعلق سماج وادی پارٹی سے تھا، رام نریش کشواہا، موہن دھاریا، نتیش سین گپتا اور ایچ پی سنگھ کو بھی خراج عقیدت پیش کیا گیا۔ راجیہ سبھا میں صدرنشین حامد انصاری نے سابق ارکان، موجودہ رکن اور نامور گلوکار مناڈے کا سوگ منانے میں ایوان کی قیادت کی۔ سابق ارکان جے پی گوئل ، رام نریش کشواہا، موہن مانک چند دارھیا اور دیناناتھ مشرا کا گزشتہ 3 ماہ کے دوران انتقال ہوگیا۔ جولائی 2010 ء سے مسلسل رکن رہنے والے سماج وادی پارٹی کے قائد موہن سنگھ کا انتقال 22 سپٹمبر کو ہوا۔ راجیہ سبھا ارکان نے بطور احترام ایک منٹ کی خاموشی بھی منائی اور دہشت گردی کے واقعہ میں نیروبی کے شاپنگ مال میں انسانی جانیں ضائع ہونے پر بھی اظہار افسوس کیا۔ سمندری طوفان فائلین، ہیلن اور ہیان میں انسانی جانوں کے زیاں پر بھی رنج و غم ظاہر کیا گیا۔ حامد انصاری نے 2 بسوں کے شعلہ پوش ہونے اور 32 افراد کے کرناٹک اور آندھراپردیش میں فوت ہونے پر اظہار رنج و غم کیا۔ پٹنہ بم دھماکوں پر مباحث کا بی جے پی ارکان نے مطالبہ کیا تاہم اجلاس ملتوی کردیا گیا۔