متوازن غذا کے فائدے

متوازن غذا سے جلد کو حسین بنایا جاسکتا ہے۔ خواتین خوبصورت جلد کیلئے بہت سے جتن کرتی ہیں۔ خواتین اگر جلد کو حسین اور نرم و ملائم بنانا چاہتی ہیں تو متوازن غذا کے استعمال سے ایسا ممکن بنایا جاسکتا ہے۔ عام مشاہدے کی بات ہے کہ خواتین کھانے پینے پر اتنی توجہ نہیں دیتیں اور خوبصورت و دلکش نظر آنے کیلئے پریشان رہتی ہیں۔

ایسی خواتین خاص طور پر غور سے سن لیں کہ متوازن غذا کئی قسم کی بیماریوں سے بچاتی ہے اور جلد کو دیر تک جواں، حسین اور تازہ رکھنے میں بہتر خوراک اپنا ثانی نہیں رکھتی۔ خواتین چاکلیٹ، چپس اور اس قسم کی چیزیں کھانے میں زیادہ دلچسپی لیتی ہیں اور ایک لمحے کیلئے بھی یہ خیال نہیں رکھتیں کہ وہ خوراک کا اچھا انتخاب نہیں کررہی ہیں۔ ماہرین غذائیت غذا اور ورزش کو متوازن اور خوبصورت جلد کا ضامن قرار دیتے ہیں۔ سلم اور سمارٹ نظر آنے کی غرض سے کھانے پینے سے کنارہ کشی کرلینا فائدے سے زیادہ نقصان دیتا ہے۔ خواتین کیلئے ماہرین کی خاص تجویز ہے کہ وہ ہرے پتے والی سبزیوں ، پھلوں، جوس، سلاد اور ڈھیر ساری مقدار میں پانی کے استعمال کو اپنی عادت بنالیں۔ ایسا کرنے سے انہیں کم از کم جلد کی فکر سے چھٹکارہ مل جائے گا اور جلد ہمیشہ کیلئے جواں اور حسین ہوجائے گی۔ خوبصورت جلد کا انحصار اس بات پر ہرگز نہیں ہوتا کہ جلد کی ظاہری سطح پر کیا لگایا جارہا ہے بلکہ اس کا انحصار اس بات پر ہے کہ کیا کھایا جارہا ہے۔ اگر انسان اندر سے صحت مند اور خوبصورت ہے تو ظاہری خوبصورتی میں خودبخود اضافہ ہوجائے گا۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ اندر کی خوبصورتی خوراک کے بہتر انتخاب سے حاصل کی جاسکتی ہے۔