متنازعہ کانگریس کی رکن اسمبلی عدالتی تحویل میں

گوہاٹی ۔ 16 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) متنازعہ کانگریس رکن اسمبلی رومی ناتھ جنہیں بین ریاستی کاروں کے سرقہ ریاکٹ میں ملوث ہونے کے الزام میں گرفتار کرلیا گیا تھا۔ چہارشنبہ کے دن عدالتی تحویل میں دیدیا گیا ہے۔ چیف جوڈیشیل مجسٹریٹ نے انہیں عدالتی تحویل میں دیتے ہوئے جیل حکام سے کہا کہ چونکہ رکن اسمبلی نے خرابی صحت کی شکایت کی ہے، ان کا طبی معائنہ کرواتے ہوئے 17 اپریل تک عدالت میں رپورٹ پیش کریں۔ پولیس نے قبل ازیں رکن اسمبلی رومی ناتھ کو مختلف ریاستوں میں کاروں کے سارقین کی ٹولی سے ربط ضبط کے الزام میں ایم ایل اے ہاسٹل سے گرفتار کرلیا تھا جبکہ اس ٹولی کے سرغنہ انیل چوہان کو بھی جاریہ ماہ کے اوائل میں گرفتار کرلیا گیا تھا۔ وہ کچھار ضلع میں بارکھولہ حلقہ سے نمائندگی کرتی ہیں جبکہ گوہاٹی ہائیکورٹ نے رومی ناتھ کی ضمانت قبل از گرفتاری کی 2 درخواستوں کو مسترد کردیا ہیں۔ واضح رہیکہ متنازعہ رکن اسمبلی نے پہلے شوہر سے طلاق کو دیئے بغیر سال 2012ء میں ایک مسلم نوجوان ذاکر سے شادی کی تھی۔ صدر پردیش کانگریس رنجن دتہ نے کار سرقہ ریاکٹ میں ملوث ہونے پر ناتھ کو وجہ نمائی نوٹس جاری کردی ہے۔