بنگلہ دیش کے خلاف حیدرآباد میں واحد ٹسٹ ، جمخانہ گراؤنڈ میں دو روزہ ٹور میچ
نئی دہلی 31 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) بنگلہ دیش کے خلاف حیدرآباد میں کھیلے جانے والے واحد ٹسٹ مقابلے کے لئے ایم ایس کے پرساد کی صدارت میں ہندوستانی سلیکشن کمیٹی نے 16 رکنی ٹیم کا اعلان کردیا ہے۔ ٹسٹ ٹیم کی قیادت ویراٹ کوہلی کررہے ہیں۔ امیدوں کے مطابق ٹیم میں کوئی بڑی تبدیلی نہیں کی گئی بلکہ انگلینڈ کے خلاف سیریز میں وکٹ کیپنگ کے فرائض انجام دینے والے پارتھیو پاٹل کے مقام پر وردھمان ساہا کو شامل کیا گیا گیا ہے جبکہ کرناٹک کے اوپنر ابھینیو مکنڈ کو تقریباً 6 سال بعد ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔ مکنڈ نے آخری مرتبہ ویسٹ انڈیز کے خلاف 20 جون 2011 کو کنگسٹن میں کھیلا تھا۔ مکنڈ اپنے مختصر ٹسٹ کیریئر میں ہندوستان کی 5 مقابلوں میں نمائندگی کی ہے۔ 10 اننگز میں انہوں نے 21.10 کی اوسط سے 211 رنز اسکور کئے ہیں جس میں ان کا اعظم ترین اسکور 62 ہے۔ رانجی ٹرافی میں انہوں نے 65.30 اوسط سے 14 اننگز میں 849 رنز اسکور کئے ہیں جس میں 4 سنچریاں اور 3 نصف سنچریاں شامل ہیں۔ سلیکٹروں نے پارتھیو پاٹل کو ٹیم سے باہر کا راستہ دکھا دیا حالانکہ انگلینڈ کے خلاف سیریز میں ان کے مظاہرے بہتر تھے۔ فاسٹ بولر محمد سیع جو کہ انگلینڈ کے خلاف موہالی ٹسٹ میں زخمی ہوکر ٹیم سے باہر ہوئے تھے وہ ہنوز مکمل صحت یاب نہیں ہوئے ہیں۔ ہندوستانی ٹیم کے انتخاب کے لئے آج یہاں ہونے والا بی سی سی آئی کا اجلاس پھر ایک مرتبہ متنازعہ رہا جہاں امیتابھ چودھری کو نااہل قرار دیتے ہوئے اجلاس میں شرکت کرنے سے روک دیا گیا حالانکہ یہ اجلاس دوپہر 12 بجے شروع ہونا تھا تاہم 5 بجے تک ڈرامائی صورتحال رہی۔ بنگلہ دیشی ٹیم دورۂ ہند پر ایک ٹسٹ کھیلے گی اس سے قبل 5 اور 6 فروری کو سکندرآباد کے جم خانہ گراؤنڈ پر مہمان ٹیم دو روزہ ٹور میچ کھیلے گی۔ حیدرآباد میں 9 فروری کو شروع ہونے والے واحد ٹسٹ کے لئے ٹیم ان کھلاڑیوں پر مشتمل ہے۔ ویراٹ کوہلی (کپتان)، مرلی وجئے، کے ایل راہول، چیتیشور پجارا، اجنکیا راہنے، کرون نیر، ابھنیو مکنڈ، وردھمان ساہا، ہارڈک پانڈیا، روی چندرن اشون، رویندر جڈیجہ، جینت یادو، اومیش یادو، ایشانت شرما، بھونیشور کمار اور امیت مشرا۔