دکن ریڈیو کے راست نشریہ پروگرام میں ایم اے حمید کے جوابات
حیدرآباد ۔ 14 ۔ جنوری : ( سیاست نیوز) : دکن ریڈیو 107.8 پر ہفتہ واری روزگار اور تعلیم سے متعلق راست نشریہ پروگرام میں آج متلاشیان روزگار نوجوان لڑکے / لڑکیوں کی اکثریت نے حصہ لیا ۔ مسابقتی امتحانات کیا ہیں اس کی تیاری کیسے کریں اور ملازمت کس طرح حاصل کریں ۔ جیسے بے شمار سوالات کا ماہر تعلیم ایم اے حمید نے نہایت آسان انداز میں جواب دیا اور بتلایا کہ نہ صرف سرکاری ملازمت بلکہ بنکوں میں ملازمت کے لیے آئی بی پی ایس کے آن لائن امتحانات اور سنٹرل گورنمنٹ کے لیے اسٹاف سلیکشن کمیشن کے انٹر سطح اور گریجویٹ لیول امتحانات کی بھی تیاری کریں ۔ تلنگانہ اسٹیٹ پبلک سرویس کمیشن کے تحت سرکاری ملازمتوں کے تقرری کا اندرون پندرہ یوم اعلامیہ آجائے گا اور مئی میں مسابقتی امتحانات ہوں گے ۔ پروگرام کوآرڈینٹر جناب زاہد فاروقی نے ریکارڈ کئے ہوئے سوالات کے علاوہ راست پوچھے جانے والے سوالات کو نہایت عمدگی سے ترتیب دیا ۔ فہیم انصاری ، صفا ، یاسمین ، حنا نے معاونت کی ۔ اسٹوڈیو میں کئی طلبہ نوجوان موجود تھے ۔ آخر میں زاہد فاروقی نے شکریہ ادا کیا ۔۔