جکارتہ ۔27اگسٹ (سیاست ڈاٹ کام )ایشین گیمز 2018 میں متحدہ کوریا کے دستے نے کشتی رانی کے مقابلے میں پہلا مقام حاصل کرکے تاریخ رقم کرتے ہوئے مشترکہ طور پر پہلا گولڈ میڈل جیت لیا۔اس مشترکہ ٹیم نے کشتی رانی کے 500 میٹر ڈریگن بوٹ کی ویمنز ریس میں کامیابی حاصل کر کے ایونٹ میں مشترکہ ٹیم کو پہلا گولڈ میڈل جتوا دیا۔ٹیم نے 2منٹ 24.788 سیکنڈ میں مقررہ فاصلہ طے کرکے کامیابی حاصل کی جبکہ چین نے دو منٹ 25.092 سیکنڈ میں فاصلہ طے کرکے دوسرا مقام حاصل کیا۔ برونز میڈل جیتنے والی تھائی لینڈ کی ٹیم نے دو منٹ 26.904 میں فاصلہ طے کیا۔متحدہ کوریا کی ٹیم نے اس قبل 200 میٹر کی ڈریگن بوٹ ریس میں برونزمیڈل جیتا تھا جہاں چین گولڈ اور انڈونیشیا سلورمیڈل جیتنے میں کامیاب رہا ۔18اگست کو جکارتہ میں منعقدہ ایشین گیمز کی افتتاحی تقریب میں کوریا کی دونوں ٹیموں نے ایک ہی جھنڈے تلے شرکت کی۔یہ اس سال کا دوسرا موقع ہے کہ دو ملکوں کی ٹیمیں ایک ساتھ اور ایک ہی جھنڈے تلے کسی مقابلے میں شرکت کر رہی ہیں۔